سندھ پختونخوا اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ کا صحافتی تنظیم PNMA کا خیرمقدم

پاکستان نیوز میڈیا ایسوسی ایشن صحافتی مسائل کی درست نشاندہی کریگی ،مرادشاہ ،محمودخان ،جام کمال


Press Release March 21, 2019
پاکستان نیوز میڈیا ایسوسی ایشن صحافتی مسائل کی درست نشاندہی کریگی ،مرادشاہ ،محمودخان ،جام کمال۔ فوٹو: انٹرنیٹ

ISLAMABAD: سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ ،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اوروزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے پرنٹ، الیکٹرانک ، ریڈیو اور ڈیجیٹل میڈیا سمیت میڈیا کے مختلف شعبوں سے وابستہ افراد پر مشتمل نئی تنظیم ''پاکستان نیوز میڈیا ایسوسی ایشن'' (PNMA) کے قیام پر اسکے رہنماؤں کو مبارکباد دی ہے۔

تینوں وزرائے اعلی نے صحافتی تنظیم کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے تہنیتی پیغام میں امید ظاہر کی کہ ذرائع ابلاغ کے مختلف حصوں کے نمائندوں پر مشتمل تنظیم تمام میڈیا کے مسائل کی نشاندہی اور حل میں مؤثر ثابت ہوگی۔ انہوں نے تجربہ کار صحافی ضیا شاہد کے ''پاکستان نیوز میڈیا ایسوسی ایشن'' (PNMA) کا چیئرمین منتخب ہونے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ضیا شاہد کا تجربہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو مجتمع کرنے، ان کے مسائل کی درست نشاندہی اور ان مسائل کے حل میں مددگار ہوگا۔

وزرائے اعلیٰ نے حکومت سندھ ، پختونخواہ اوربلوچستان کی جانب سے ''پاکستان نیوز میڈیا ایسوسی ایشن'' PNMA کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حکومت آزادی اظہار رائے اور ابلاغ سے وابستہ افراد کی فلاح و بہبود پر یقین رکھتی ہے اور اس سلسلے میں صوبائی حکومت ٹھوس عملی اقدامات کرتی رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ہماری حکومتیں آئندہ بھی صحافت کے مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کرتی رہیں گی۔

دوسری جانب پاکستان نیوز میڈیا ایسوسی ایشن (PNMA) کے قیام پر روز ٹی وی اور پاکستان اسلام آباد کے سردار خان نیازی نے پنما کے چیئرمین اور معروف صحافی ضیا شاہد کو مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے اور ٹی وی اینکر' ایڈیٹر اور چینل مالک نے تنظیم میں شمولیت کا اعلان بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈیٹران کے ساتھ ساتھ ٹی وی اینکر' کالم نگار' بڑے پریس کلب اور اہل قلم حضرات کی وسیع البنیاد تنظیم پاکستانی میڈیا کی بھرپور نمائندگی کریگی۔

دریں اثناء اسلام آباد سے نکلنے والے ایشین نیوز کے ایڈیٹر ڈاکٹر عبدالودود قریشی نے بھی نئی تنظیم میں شمولیت کی درخواست کی ہے۔ شعبہ صحافت میں گزشتہ بائیس برس سے منسلک معروف کالم نویس اسلام آباد تحریک انصاف کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات انجینئر افتخارچوہدری نے پاکستان نیوز میڈیا ایسوسی ایشن (PNMA) میں شمولیت اختیار کرلی ۔

انہوں نے کہا کہ کالم نگار حضرات کی اہمیت اپنی جگہ مسلم ہے لیکن بدقسمتی سے ان کے لئے اجتماعی طور پر کوئی فورم میسر نہیں تھا۔ اب وہ بھی پاکستانی میڈیا میں اپنا حصہ ڈالیں گے اور نیوز میڈیا کی نئی تنظیم میں جوق در جوق شامل ہونگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں