کیک کی خریداری کا رجحان سال بہ سال بڑھتا جارہا ہے

بیکری اور مٹھائی کی دکانوں کے مالکان کا کہنا ہے کہ عید پر کیک کی فروخت میں 200فیصد تک اضافہ ہوجاتا ہے۔


Kashif Hussain August 08, 2013
صدر کی ایک بیکری میں عید کیلیے تیار کیے گئے خصوصی کیک سجائے جارہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

عید کے موقع پر کیک کی خریداری کا رجحان بھی سال بہ سال بڑھتا جارہا ہے شہر کی بڑی بیکریوں اور کیک سینٹرز پر عید سے قبل آرڈر بک کرادیے جاتے ہیں زیادہ تر افراد پہلے سے تیار شدہ کیک خریدنا پسند کرتے ہیں۔

تاہم بعض افراد خصوصی طور پر آرڈر دے کر کیک تیار کرواتے ہیں ، مختلف بیکریوں اور کیک کی دکانوں پر عید کے لیے کیک کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور چاند رات سے ہی مزے مزے کے رنگ برنگے کیکس کی فروخت شروع کردی جائیگی، عید پر عام دنوں کے مقابلے میں کیک کی زیادہ ورائٹی تیار کی جاتی ہے جن میں اسٹرابیری، پائن ایپل، پستہ، قلفہ، چاکلیٹ، کافی کرنچ، بلیک فاریسٹ اور چاکلیٹ چپس نمایاں ہیں، پائن ایپل کریم کیک بھی بے حد پسند کیاجاتا ہے،عیدالفطر کے موقع پربچے بھی شوق میں اپنی پسند کے کیک تیار کرنے کے آرڈرز دیتے ہیں اور بچوں کی پسند کو مدنظر رکھتے ہوئے بیکریز مالکان مختلف اقسام کے کارٹون کریکٹرز کی شکل والے کیک بھی تیار کراتے ہیں۔



گرومند پر واقع ایک بیکری بچوں کے پسندیدہ کارٹون نیٹ ورک پر مقبول ترین کارٹون کریکٹر کی شکل کے کیک بنانے کے آرڈرز لے رہی ہے عید پر عام افراد کے علاوہ کاروباری کمپنیاں بھی آرڈر پر کیک تیار کرواتی ہیں ،کھانے پینے کے شوقین افراد عید پر خشک میوہ جات سے آراستہ کیک بھی بہت پسند کرتے ہیں اس لیے بڑی دکانوں پر خشک میوجہ جات والے کیک بھی فروخت کیے جاتے ہیں۔ اس سال عید کے لیے فریش کریم کیک 700 سے850 روپے فی کلو گرام جبکہ بٹر کیک 700 روپے تا750 روپے فی کلو گرام قیمت پرفروخت کیا جائے گا ۔

بیکری اور مٹھائی کی دکانوں کے مالکان کا کہنا ہے کہ عید پر کیک کی فروخت میں 200فیصد تک اضافہ ہوجاتا ہے کیک کی تیاری میں میں استعمال ہونے والی اشیاء فریش کریم،بٹر،چینی ، بجلی ٹرانسپورٹیشن اور لیبر مہنگی ہونے کی وجہ سے کیک کی قیمت میں بھی 20فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے، مٹھائی فروشوں کے مطابق مٹھائیوں کی قیمت میں اضافے کے باوجود عید پر مٹھائی کی خریداری ایک روایت ہے اور عید کی نماز ختم ہوتے ہیں مٹھائی کی دکانوں پر خریدار مکھیوں کی طرح امڈ آتے ہیں بیشتر افراد رش اور زحمت سے بچنے کے لیے چاند رات کو ہی مٹھائی خرید لیتے ہیں، عید پر زیادہ گلاب جامن، چم چم، رس گلے، رس ملائی،ربڑی،کھیر،موتی چور کے لڈو،پیڑے،چم چم،قلاقند،پیٹھا،رنگ برنگی برفی،پتیسا زیادہ خریدتے ہیں جبکہ کچوریاں بھی بڑے پیمانے پر خریدی جاتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں