اٹلی میں ڈرائیورنے اسکول بس کوہائی جیک کرکے آگ لگا دی

ملزم کا بس کو ہائی جیک کرنے کا مقصد اٹلی کے امیگریشن قوانین کے خلاف احتجاج کر نا تھا، پولیس

بس میں 51 بچے سوارتھے، پولیس: فوٹو: انٹرنیٹ

اٹلی میں اسکول کے بچوں سے بھری بس کو ڈرائیور نے ہائی جیک کرنے کے بعد آگ لگا دی۔

غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق اٹلی کے شہر میلان میں بس ڈرائیورنے اسکول کے بچوں سے بھری بس کو ہائی جیک کرنے کے بعد آگ لگا دی۔ پولیس حکام کے مطابق بس میں اسکول کے دوٹیچرز اور 51 بچے سوارتھے جو قریبی جم جارہے تھے کہ اچانک ڈرائیور نے ایک متبادل راستہ اختیارکرلیا اورچاقو سے بس میں موجود تمام بچوں کو دھمکیاں دینا شروع کردیں۔ اسی دوران چالاکی سے ایک بچے نے اپنے والدین کو فون کرکے واقعے کے بارے میں مطلع کیا۔ پولیس نے فوری بس کا تعاقب شروع کردیا اوربس پولیس کی گاڑیوں سے ٹکراتی ہوئی آخر کار رک گئی۔




پولیس نے بس کے شیشے توڑکر بچوں کو بچا لیا۔ دھویں کے باعث کچھ بچے متاثر ہوئے جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 47 سالہ بس ڈرائیورسینیگالی نژاد اطالوی ہے جو2002 سے اسکول بس چلا رہا ہے۔ ملزم کا بس کو ہائی جیک کرنے کا مقصد اٹلی کے امیگریشن قوانین کے خلاف احتجاج کر نا تھا۔ اس نے کہا کہ میں آج اس قانون کا خاتمہ چاہتا ہوں، میں بحیرہ روم میں ہلاکتوں کا خاتمہ چاہتا ہوں۔ اسکول کے بچوں کا کہنا ہے کہ بس ڈرائیور نے انہیں یرغمال بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ کوئی ایک بھی یہاں سے زندہ نہیں جاسکتا۔
Load Next Story