ٹاپ 10 بولرز کی فہرست میں شامل ہونا چاہتا ہوں عرفان

زمبابوے کے خلاف بہترین کارکردگی سے ٹیم کو فتح دلانے کی کوشش کروں گا، محمد عرفان


خود کوآئی سی سی کے ٹاپ10 بولرز کی فہرست میں شامل کرانا چاہتا ہوں۔ فوٹو: فائل

طویل القامت فاسٹ بولر محمد عرفان نے کہا ہے کہ زمبابوے کے خلاف سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ٹیم کو فتح دلانے کی کوشش کروں گا، خود کو آئی سی سی کے ٹاپ10 بولرز کی فہرست میں شامل کرانا چاہتا ہوں۔

نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان نے کہا کہ دورئہ ویسٹ انڈیز سے میرے اعتماد میں اضافہ ہوااور خامیاں دور کرنے میں مدد ملی، انھوں نے کہا کہ میں اس وقت مکمل فٹ اور زمبابوے کے خلاف بہترین بولنگ کے لیے تیار ہوں، میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں میزبان بیٹسمینوں کی وکٹیں اڑانے کا منتظر ہوں،6جون 1982کو پنجاب کے دیہی علاقے گگو منڈی میں پیدا ہونے والے محمد عرفان نے ایک سوال پرکہا کہ امید ہے کہ دورئہ زمبابوے میں مجھے فٹنس کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا لیکن کوئی بات حتمی طور پر نہیں کہی جاسکتی۔



2010میں انگلینڈ کے خلاف پہلا ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے والے عرفان نے اب تک 19 میچزمیں29 وکٹیں اپنے نام کی ہیں،اسی برس انھوں نے بھارت کے خلاف بنگلور میں اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا،اس طرز کے 4 میچز میں وہ صرف3وکٹیں ہی حاصل کر پائے ہیں،محمد عرفان نے کہا کہ کراچی میں رمضان نائٹ کرکٹ کھیل کر بہت لطف اندوز ہوا، مداحوں کی جانب سے ملنے والی محبت پر اظہار تشکر کے لیے الفاظ نہیں ہیں، میں چاہتا ہوں کہ بہتر سے بہتر کارکردگی پیش کر کے خود سے وابستہ توقعات پر پورا اتروں،ابتدامیں کرکٹ کے مواقع میسر نہ آنے پر مقامی پائپ فیکٹری میں مزدوری کے دوران عرفان سابق ٹیسٹ بولرو کوچ عاقب جاوید کی نظروں میں آئے، انھوں نے کہا کہ میں اپنی فٹنس پر خصوصی توجہ دے رہا ہوں، میری کوشش ہوگی کہ اپنی بیٹنگ اور فیلڈنگ میں بہتری لاؤں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں