قوم انتہاپسندی اوردہشتگردی کیخلاف یکجاہوجائےصدر و وزیراعظم

عید کے موقع پردہشتگردی اورفرقہ واریت سے متاثرہ افرادکے بھی غم بانٹیں، صدر آصف علی زرداری

اللہ تعالی اس عیدکو تمام اہل وطن کے لیے مسرتوں اور خوشیوں سے بھرپور بنادے، صد مملکت کی دعا۔ فوٹو : فائل

صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم نوازشریف نے قوم کو عید الفطر کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم انتہاپسندی اوردہشت گردی کے خلاف قومی ایجنڈے پر یکجا ہوجائے ' اتحاد اورتنظیم سے ہم تمام ملک دشمن عناصر کو شکست دے سکتے ہیں ، دہشت گردی اور فرقہ واریت سے متاثرہ افراد کو بھی عید کے پرمسرت موقع پر اپنی خوشیوں میں شامل کریں اور ان متاثرہ افراد کے غم بانٹیں۔

عید الفطر کا تہوار اسلامی تہذیب وثقافت ' مسلم امہ کے اتحادویگانگت ' اخوت واجتماعیت ' اسلام کی اقدار اور دین ومال روایات کی علامت اور مسلمانوں کے دینی ومذہبی تشخص کا مظہر ہے۔ جمعرات کوعلیحدہ علیحدہ جاری قوم کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں صدرمملکت نے کہاکہ ہمیں ان بھائیوں اور بہنوں کے غموں کونہیں بھولنا جو دہشت گردی سے متاثر ہوئے ہیں۔ آئیے ہم اپنی خوشیوں میں انھیں بھی شریک کریں جو فرقہ واریت سے متاثر ہوئے ہیں۔قوم کوعیدالفطر کی خوشیوں میں ان لوگوں کو بھی شامل کرنا ہے جوکسی وجہ سے پیچھے رہ گئے ہیں۔




انھوں نے قوم کو عیدالفطرکی مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی اس عیدکو تمام اہل وطن کے لیے مسرتوں اور خوشیوں سے بھرپور بنادے۔ وزیراعظم نے عیدالفطر پر پوری قوم کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ عید الفطر کا تہوار اسلامی تہذیب و ثقافت،مسلم امہ کے اتحاد ویگانگت، اخوت و اجتماعیت ، اسلام کی اعلیٰ اقدار اور دینی و ملی روایات کی علامت ہے ۔عید الفطر ایک ماہ کی اس تربیت کا دن بھی ہے جو رمضان المبارک کے دوران مسلمانوں کو حاصل ہوتی ہے۔
Load Next Story