نریندرمودی کا ’’یوم پاکستان‘‘ پر نیک خواہشات کا اظہار

وقت آگیا ہے کہ جنوبی ایشیا کے لوگ پرامن خطے کی طرف آگے بڑھیں، نریندر مودی کا وزیراعظم کے نام پیغام

جمہوری اور ترقی یافتہ خطے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، مودی کا پیغام (فوٹو: فائل)

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ جنوبی ایشیا کے لوگ پرامن خطے کی طرف آگے بڑھیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے بتایا کہ انہیں بھارتی ہم منصب نریندر مودی نے یوم پاکستان پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وقت آگیا ہےکہ جنوبی ایشیا کے لوگ پرامن خطے کی طرف آگے بڑھیں۔




عمران خان کی ٹویٹ کے مطابق وزیرِاعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کے قومی دن کے موقع اپنی مسرت اور بہترین خواہشات کا اظہار کرتے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ برِصغیر کے لوگ مل کر ایک جمہوری، پرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال خطے کے لیے کام کریں اور ایسی فضا میں بنائیں جو تشدد اور دہشت سے پاک ہو۔

وزیراعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب کے پیغام پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نریندر مودی کے پیغام کو خوش آمدید کہتا ہوں، اور میں سمجھتا ہوں یوم پاکستان کے موقع پر بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات شروع کرنے کا وقت ہے۔



ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات میں مسئلہ کشمیر سمیت تمام حل طلب مسائل پر بات ہونی چاہئیے، عوام کی خوشحالی کے لئے بھارت سے پرامن تعلقات چاہتے ہیں۔
Load Next Story