سکیورٹی خدشات پرکراچی کے کئی بڑے پارکس 3 دن کیلئے بند

سیکیورٹی اداروں نے محکمے کو اس حوالے سے مکمل طور پر لاعلم رکھا، ڈائریکٹر پارکس عبدالرشید

بند کیے جانے والے پارکس میں باغ ابن قاسم، کلفٹن فن لینڈ اور بیچ ویو پارک شامل ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

ضلعی انتظامیہ نے عید کے رنگ میں بھنگ ڈالتے ہوئے سکیورٹی خدشات کی وجہ سے شہر کئی بڑے پارکس 3 دن کے لیے بند کر دیئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے خوشگوار موسم میں عید کا مزہ دوبالا کرنے کے لئے شہریوں کی بڑی تعداد نے مختلف بڑے پارکس کا رخ کیا جہاں انہیں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گیٹس پر سیکورٹی خدشات کی وجہ سے پارکوں کی بندش کے بینرز لگے دکھائی دیئے جس کی وجہ سے انہیں شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بند کیے جانے والے پارکس میں باغ ابن قاسم، کلفٹن فن لینڈ اور بیچ ویو پارک شامل ہیں۔


ڈائریکٹر پارکس کراچی عبدالرشید کا پارکوں کی بندش پر کہنا ہے کہ سکیورٹی اداروں نے محکمے کو اس حوالے سے مکمل طور پر لاعلم رکھا اور انہیں کسی بھی قسم کی پیشگی اطلاع فراہم نہیں کی گئی۔

بعد ازاں خبر ایکسپریس نیوز پر نشر ہونے پر انتظامیہ کو اپنا فیصلہ واپس لینا پڑا اور اس نے باغ ابن قاسم اوربیچ ویوکوبچوں ،خواتین اورعام شہریوں کے لئے کھول دیاگیا جس سےمایوس شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔
Load Next Story