یوم پاکستان کے موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کا قوم کے نام پیغام

آج کے دن مسلمانان ہند نے اپنی منزل کا تعین کیا اور جدوجہد کے باعث14 اگست 1947 کو پاکستان معرض وجود میں آیا، وزیراعظم


ویب ڈیسک March 23, 2019
پاکستان نے غیر معمولی چیلجنز کا سامنا کیا اور سرخرو ہوا، صدر پاکستان۔ فوٹو : فائل

یوم پاکستان کے موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان نے قوم کو امن، ترقی اور خوشحالی کا پیغام دیا ہے۔

یوم پاکستان کے موقع پر وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 23مارچ ہماری ملی تاریخ کا عظیم دن ہے، آج کے دن مسلمانان ہند نے اپنی منزل کا تعین کیا اور سخت جدوجہد کے باعث14 اگست 1947ء کو پاکستان معرض وجود میں آیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے قیام کی صورت میں عوام کو اپنے حقوق اور مذہبی آزادی ملی، آج کا پاکستان ایک نیا پاکستان ہے جب کہ ہم پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ہم اپنے ہمسایہ ممالک سے برابری کی سطح پر دوستانہ اور پر امن تعلقات کے خواہاں ہیں، ہماری خواہش ہے کہ جنوبی ایشیا میں ہم سب مل کر غربت کا خاتمہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے دفاع کی خاطر ہر قدم اٹھانے کا حق رکھتا ہے اور اللہ تعالیٰ کا شکرہے کہ پاکستان کا دفاع نا قابل تسخیر ہو چکا، ہمیں اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے۔

وزیراعظم نے کشمیر کے حوالے سے پیغام دیا کہ آج کے دن ہمیں اپنے ان کشمیری بھائیوں کو ہر گز نہیں بھولنا جو بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے غیور عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور ہم حق خودارادیت کے حصول کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت دنیا کے ہر فورم پر جاری رکھیں گے۔

دوسری جانب صدر مملکت عارف علوی نے یوم پاکستان کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ قوم نے غیر معمولی حالات میں ہمیشہ استقامت کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان نے غیر معمولی چیلجنز کا سامنا کیا اور سرخرو ہوا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف مثالی کامیابیاں حاصل کیں لہٰذا ہم جمہوریت، انصاف اور امن کے لیے پر عزم ہیں جب کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمیں مزید محنت درکار ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں