امریکا کا یمن میں سفارتخانہ اور لاہور میں قونصل خانہ بدستوربند رکھنے کا اعلان

لاہور میں قونصل خانہ مختلف نوعیت کےخطرے کے پیش نظر بندکیا گیا تھا اورحالات دیکھ کراسے کھولاجائے گا،امریکی محکمہ خارجہ


ویب ڈیسک August 10, 2013
لاہور میں قونصل خانہ مختلف نوعیت کےخطرے کے پیش نظر بندکیا گیا تھا اورحالات دیکھ کراسے کھولاجائے گا،امریکی محکمہ خارجہ فوٹو:فائل

امریکا نے القاعدہ کے خطرے کے باعث یمن کے دارالحکومت صنعا میں اپنے سفارت خانے اورلاہور میں قونصل خانے کے علاوہ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں بند کیے گئے سفارت خانوں کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔


امریکی محکمہ خارجہ کی خاتون ترجمان جین پاسکی نے واشنگٹن میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ یمن کے علاوہ مشرق وسطیٰ اورشمالی افریقہ میں بند کئے گئے سفارت خانے اورقونصل خانے اتوار سے دوباہ کھولے جارہے ہیں، پاسکی کا کہنا تھا کہ یمن کے دارالحکومت صنعا میں امریکی سفارت خانہ اور پاکستان کے شہر لاہور میں امریکی قونصل خانہ مختلف نوعیت کے خطرات کے باعث ابھی نہیں کھولا جارہا، خاتون ترجمان کا کہنا تھا کہ صنعا میں امریکی سفارت خانہ اور لاہور میں قونصل خانہ کھولنے کا اعلان حالات دیکھ کر کیا جائے گا۔


واضح رہے کہ امریکا نے مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ اور ایشیا کے کئی ممالک میں اپنے سفارت خانے اور قونصل خانے القاعدہ کے حملے کے پیش نظر گزشتہ ہفتے بند کر دیئے تھے جب کہ لاہور میں امریکی قونصل خانہ جمعرات کے روز بند کیا گیا تھا، جب کہ اخبار نیو یارک ٹائمز نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ امریکا نے اپنے سفارتخانے القاعدہ کےسربراہ ایمن الظواہری کی ایک خفیہ گفتگو ریکارڈ کرنے کے بعد بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔


امریکا نے جن ممالک میں اپنے سفارت خانے اور قونصل خانے بند کئے تھے ان میں عرب امارات، الجیریا، عمان، اردن، عراق، مصر، سعودی عرب، جبوتی، بنگلا دیش، قطر، افغانستان، سوڈان، کویت، بحرین، موریطانیہ، یمن اور لیبیاشامل تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں