سری لنکا میں مسجد پر بدھ مذہب کے افراد کا حملہ 12 نمازی زخمی

مشتعل افراد نے 3 منزلہ مسجد پر دھاوا بول دیا، پتھر پھینکے اور ساتھ واقع گھروں کو بھی نقصان پہنچایا۔


AFP August 11, 2013
حملے کے وقت مسجد میں نماز ادا کی جا رہی تھی اور پتھروں کی زد میں آ کر 12 نمازی زخمی ہو گئے۔ فوٹو: اے ایف پی

سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں بدھ مذہب کے پیروکاروں نے مسجد پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 12 نمازی زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مشتعل افراد نے ہفتے کی شام کو کولمبو میں واقع 3 منزلہ مسجد پر دھاوا بول دیا، پتھر پھینکے اور ساتھ واقع گھروں کو بھی نقصان پہنچایا، حملے کے وقت مسجد میں نماز ادا کی جا رہی تھی اور پتھروں کی زد میں آ کر 12 نمازی زخمی ہو گئے۔ اس مسجد کو ایک ماہ قبل ہی تعمیر کیا گیا تھے، واقعے کے بعد سیکڑوں کی تعداد میں مسلمان ہاتھوں میں ڈنڈے اٹھائے سڑکوں پر نکل آئے تاکہ ان کے گھروں اور مساجد پر مزید حملوں کو روک سکیں جب کہ انتظامیہ کی جانب سے علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا گیا اور پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی۔

سری لنکا میں بدھ مذہب کے پیروکار میانمار میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی تقلید کرتے ہوئے گزشتہ سال سے مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں، سری لنکا میں بدھسٹ پاور فورس کے نام سے ایک گروپ مسلمانوں پر تشدد کرنے اور لوگوں کو مسلمان افراد پر تشدد کرنے پر اکسانے میں ملوث ہے۔

سری لنکا کی حکومت میں شامل مسلمان وزرا کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف تشدد کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہ کئے جانے کے باعث اس تشدد میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ سری لنکن مسلم کونسل کے صدر این ایم امین نے بتایا کہ گزشتہ سال سے اب تک 20 سے زائد مساجد پر حملے کئے جا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ سری لنکا میں بدھ مذہب کے پیروکار 70 فیصد جب کہ مسلمان صرف 9 فیصد آبادی پر مشتمل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں