عالمی کھیلوں میں بھارت کو ایک بار پھر سبکی کا سامنا

انٹرنیشنل ٹیبل ٹینس نے پاکستانی حور فواد کو ایشین ایونٹ میں براہ راست انٹری دیدی

انٹرنیشنل ٹیبل ٹینس نے پاکستانی حور فواد کو ایشین ایونٹ میں براہ راست انٹری دیدی۔ فوٹو: فائل

عالمی کھیلوں کی سطح پربھارت کو ایک اور سبکی اٹھانی پڑگئی جب کہ انٹرنیشنل ٹیبل ٹینس فیڈریشن نے بھارتی حکومت کے رویہ کے سبب جنوبی ایشیائی مقابلے سے محروم ہوجانے والی پاکستانی 11سالہ بچی حور فوادکوایشیائی ایونٹ کے لیے وائلڈ کارڈ انٹری جاری کردی۔

ایشین ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے تحت ماہ جنوری میں بھارت کے شہرسونی پت میں ٹیبل ٹینس کے12 برس سے کم عمر کھلاڑیوں کے لیے ساوتھ ایشیا ہوپزمقابلوں کا انعقاد ہوا، پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن نے کراچی سے تعلق رکھنے والی 11 سالہ حور فواد کو اس مقابلے کے لیے نامزد کیا تھا، انٹری قبول کیے جانے کے بعد بار بارکی یاددہانی کرانے پربھارتی ٹیبل ٹینس فیڈریشن کی جانب سے دلاسے دیے جاتے رہے۔

ساوتھ ایشیا ہوپز کے آغاز سے چند روز قبل قومی فیڈریشن کو آگاہ کیا گیا کہ بھارتی حکومت نے 11 سالہ کھلاڑی کو اپنے ملک آنے کے لیے این او سی جاری کرنے سے انکارکردیا ہے، اس فیصلہ کے سبب پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن نے حور فواد کو مقابلوں میں شرکت کے لیے ویزہ دینے سے انکارکردیا، جس کی وجہ سے وہ ایونٹ میں شرکت سے محروم رہ گئیں۔

دوسری جانب پاکستانی فیڈریشن نے ٹیبل ٹینس کی عالمی تنظیم سے بھرپور احتجاج کرتے ہوئے بھارتی حکومت کے رویہ کو اولمپک چارٹر کی روح کے منافی قراردیا۔


انٹرنیشنل ٹیبل ٹینس فیڈریشن کی ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اینڈ ڈیولمپنٹ پولانا چہون نے پاکستانی فیڈریشن کے سیکریٹری ایس ایم سبطین کو ای میل کے ذریعے آگاہ کیا ہے کہ یہ بدقسمتی رہی کہ پاکستانی کھلاڑی ضابطہ کار کے مطابق مقابلے میں شرکت کرکے کوالیفائی کرنے کے حق سے محروم رہ گئی۔

آئی ٹی ٹی ایف نے حور فواد سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسے وائلڈ کارڈ انٹری دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت 11 سالہ حور فواد جنوبی ایشائی مقابلہ کھیلے بغیر ہی مئی میں تھائی لینڈ میں شیڈول ایشیا ہوپزمیں شرکت کی اہل قرار پائی ہیں۔

نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے حور فواد کا کہنا ہے ہے کہ جنوبی ایشیائی مقابلے میں کامیابی کی امید تھی، ویزہ جاری نہ ہونے پرمجھے بھارتی حکومت کے رویہ پر افسوس ہواتھا لیکن مایوس نہ ہوئی، انٹرنیشنل فیڈریشن سے انصاف کی توقع کی تھی جو پوری ہوگئی۔

حور فواد نے کہا کہ کھیلوں میں سیاست نہیں ہونی چاہیے، اس سے نہ صرف کھلاڑی متاثر ہوتے ہیں بلکہ انسانی حقوق کی بھی پامالی ہوتی ہے، اللہ کا شکر ہے کہ مجھے ایشائی ایونٹ میں شرکت کا حق مل گیا، اب میری نظریں عالمی ہوپز مقابلوں پر ہیں۔

 
Load Next Story