چین کا کاٹن ریزروز میں اضافے کا اعلان عالمی سطح پر قیمتوں میں تیزی

نیو یارک کاٹن ایکسچینج میں قیمتیں پچھلے 8 ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں


آن لائن August 12, 2013
احسان الحق نے بتایا کہ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث پاکستان سے روئی کی برآمدات میں بھی خاطر خواہ اضافے کے روشن امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

چین کی جانب سے 2013-14 کے دوران اپنے روئی کی نیشنل ریزروز میں 50 فیصد اضافے کے اعلان کے بعد دنیا بھر میں روئی کی قیمتوں میں زبردست تیزی کا رجحان رہا۔

نیو یارک کاٹن ایکسچینج میں روئی کی قیمتیں پچھلے آٹھ ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں جبکہ پاکستان، بھارت اور چین میں بھی روئی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان رہا، پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے سابق ایگزیکٹو ممبر احسان الحق نے بتایا کہ رواں ہفتے کے دوران روئی کی قیمتوں میں تیزی یا مندی کا رجحان یونائیٹڈ اسٹیٹس ڈپارٹمنٹ اف ایگریکلچریو ایس ڈی اے کی جانب سے اج سوموارنئے کاٹن کی سیزن کی پہلی رپورٹ کے اجرا کے بعد متعین ہو گا، تاہم توقع کی جا رہی کہ اس رپورٹ کے اجرا کے بعد بھی تیزی کا یہ رجحان جاری رہے گا کیونکہ موسمی حالات کے باعث پاکستان سمیت بعض ممالک میں روئی کی پیداوار پہلے تخمینوں کے مقابلے میں کچھ کم ہونے کے امکانات ہیں۔



انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران نیو یارک کاٹن ایکسچینج میں تیزی کے رجحان کے باعث حاضر ڈیلوری روئی کے سودے 3.30سینٹ (3.62 %فی پائونڈ اضافے کے ساتھ 94.45سینٹ فی پائونڈاکتوبر ڈیلوری روئی کے سودے 3.73 سینٹ (4.37 %)اضافے کے ساتھ 89.05 سینٹ فی پائونڈتک پہنچ گئے جبکہ بھارت میں بھی روئی کی قیمتیں 500روپے فی کینڈی اضافے کے ساتھ 43ہزار روپے فی کینڈی چین میں ستمبر ڈیلوری روئی کے سودے 210یوان فی ٹن اضافے کے ساتھ 20 ہزار 900یوان فی ٹن تک پہنچ گئے جبکہ تمام کاٹن زونز میں مزید بارشوں کی پیش گوئی اور روپے کے مقابلے میں ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث رواں ہفتے کے دوران پاکستان میں بھی روئی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان متوقع ہے۔

احسان الحق نے بتایا کہ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث پاکستان سے روئی کی برآمدات میں بھی خاطر خواہ اضافے کے روشن امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں اور توقع ہے پاکستان سے گزشتہ ماہ بھارت انڈونیشیا اور ویت نام کو شروع ہونے والی کاٹن ایکسپورٹس میں مزید اضافہ سامنے آنے سے مقامی سطح پر بھی روئی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان سامنے آئے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔