مراد علی شاہ کی آج طلبی زرداری کیخلاف پہلا ریفرنس رواں ہفتے دائرکرنے کا فیصلہ

جعلی اکاؤنٹس کیس میں وزیراعلیٰ سندھ کوٹھٹھہ شوگرملز، دادو شوگر ملز کیس کا ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت

منی لانڈرنگ اسکینڈل کی تحقیقات حتمی مراحل میں ، اراضی کی غیرقانونی الاٹمنٹ سے کروڑوںکا نقصان ہوا، صوبائی افسران بھی نامزد، ذرائع

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آج (پیرکو)صبح11بجے نیب کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہو کراپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے، انھیں منگل کے روز بلایا گیا تھا تاہم اب وہ ایک روز قبل ہی پیش ہوں گے۔


نجی ٹی وی کے مطابق انھیں ٹھٹھہ شوگر ملزاور دادو شوگر ملز کیس کا ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے، مراد علی شاہ کو تحریری سوالنامہ بھی دیا جائے گا۔ نیب نے آصف زرداری اور بلاول کی پیشی کے دوران کارکنوں کے احتجاج کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو خط لکھ دیا جس میں آج سیکیورٹی کے انتظامات سخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق بینک اکاؤنٹس کیس اور میگا منی لانڈرنگ اسکینڈل کی تحقیقات حتمی مراحل میں داخل ہوگئیں۔ نیب نے پہلے ریفرنس کی تیاری مکمل کرلی، پنک ریذیڈنسی ریفرنس رواں ہفتے ہی اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر کیا جائے گا۔

نیب کی ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں چیئرمین نیب سے ریفرنس کی حتمی منظوری لی جائے گی۔ آئی این پی کے مطابق ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری کے ساتھ صوبائی افسران بھی شامل ہیں۔ ان پر سندھ کی زمینیں غیرقانونی طور پرالاٹ کرکے جعلی بینک اکاؤنٹس سے ادائیگیوں کا الزام ہے جس سے خزانے کو مبینہ طور پر کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔ پارک لین اور بلٹ پروف گاڑیوں کی تحقیقات بھی حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں۔ دونوں ریفرنسز دائر کرنے سے متعلق فیصلہ آصف زرداری اور بلاول کے تحریری جواب آنے کے بعد کیا جائے گا۔
Load Next Story