انڈر 19 کرکٹ پاکستان نے بنگلہ دیش کو تختۂ مشق بنالیا

تین دن میں جونیئر ٹائیگرز کیخلاف گرین شرٹس کی لگاتار دوسری فتح، سمیع اسلم کی سنچری کے بعد ففٹی


Sports Desk August 12, 2013
تین دن میں جونیئر ٹائیگرز کیخلاف گرین شرٹس کی لگاتار دوسری فتح، سمیع اسلم کی سنچری کے بعد ففٹی۔ فوٹو: اے ایف پی

تین ملکی انڈر 19 کرکٹ سیریز میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو تختہ مشق بنالیا، تین دنوں میں ٹائیگرز کیخلاف گرین شرٹس نے دو فتوحات کو گلے لگایا۔

اتوار کو کھیلے گئے دوسرے مقابلے میں پاکستان نے 7 وکٹ سے کامیابی حاصل کی جبکہ اس سے قبل جمعے کو کھیلے گئے میچ میں بھی پاکستانی سائیڈ نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹ سے مات دی۔ تفصیلات کے مطابق سہ ملکی انڈر19 سیریز میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو تختہ مشق بناتے ہوئے پے درپے فتوحات حاصل کرلیں، اتوار کو منعقدہ دوسرے مقابلے میں پاکستانی ٹیم نے 7 وکٹ سے جیت پائی، ناکام سائیڈ پہلے کھیلتے ہوئے 43.4 اوورز میں 149 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، نظم الحسین شانتو 46 اور مصدق حسین 25 رنز بناکر نمایاں رہے، پاکستان کی جانب سے کامران غلام نے 4 اور ظفرگوہر نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا، حسین طلعت نے 2 وکٹوں کے لیے 23 رنز دیے، پاکستان نے ہدف 31.5 اوورز میں 150 رنز بنانے کیلیے محض 3 وکٹیں گنوائیں، اوپنر سمیع اسلم نے شاندار کھیل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 58رنز اسکور کیے۔



حسین طلعت نے 71 رنز بنانے کیلیے 84 گیندوں کا سامنا کیا، ان کے درمیان پہلی وکٹ کیلیے قائم ہونے والی 81 رنز کی شراکت نے حریف ٹیم کے اوسان خطا کردیے، جس کے بعد بنگلہ بولرز پر پاکستانی بیٹسمین حاوی ہوگئے۔اس سے قبل جمعہ 9 اگست کو منعقدہ سیریز کے ایک اور مقابلے میں پاکستان نے بنگلہ دیش پر 8 وکٹ سے ہاتھ صاف کیا، حریف ٹیم 49 اوورز میں 192 کا مجموعہ ترتیب دے کر پویلین لوٹ گئی، جاشم الدین 50 اور صدام اسلام 46 رنز بنانے میں کامیاب رہے، ضیاالحق نے 3 جبکہ محمد آفتاب اور کامران غلام نے 2،2 وکٹیں لیں، پاکستان انڈر 19 ٹیم نے 44.1 اوورز میں 2 وکٹ پر ہدف حاصل کرلیا، سمیع اسلم نے 120 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، عمران بٹ 34رنز بناکر نمایاں رہے، حسین طلعت 22 پر ناٹ آؤٹ رہے، مہدی حسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں