بلاول کی قیادت میں وفاقی حکومت کیخلاف پیپلزپارٹی کا ٹرین مارچ

حکمران ذوالفقار علی بھٹو کے کارکنوں اور نواسے سے ڈرتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری


ویب ڈیسک March 26, 2019
حکمران ذوالفقار علی بھٹو کے کارکنوں اور نواسے سے ڈرتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری فوٹو:ٹوئٹر

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں حکومت مخالف ''کاروانِ بھٹو'' ٹرین مارچ کراچی کینٹ اسٹیشن سے اپنی منزل لاڑکانہ کی جانب رواں دواں ہے۔

کراچی سے لاڑکانہ کے لئے کاررواں بھٹو اسپیشل ٹرین میں روانہ ہوگیا۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کینٹ اسٹیشن پہنچے تو بڑی تعداد میں کارکنان جمع ہوئے اور بلاول کا استقبال کیا۔ اس موقع پر کینٹ اسٹیشن اور اطراف کے علاقے کو پارٹی پرچموں اور رہنماؤں کی تصاویر سے سجادیا گیا۔



پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا سیلاب ہمارے ساتھ ہے، 4 اپریل کو ہمارا قافلہ گڑھی خدابخش پہنچے گا، بھٹو نے نہ آمر کے آگے سر جھکایا نہ کوئی یوٹرن لیا، حکمران آج بھی شہید ذولفقار علی بھٹو کی سوچ و فکر، نواسے اور کارکنان سے خوفزدہ ہیں، ٹرین مارچ ہی نے حکمرانوں کی نیندیں اُڑادی ہیں، لانگ مارچ کریں گے تو کیا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:بلاول کو ٹرین پر لانا چاہتا تھا لے آیا ہوں، شیخ رشید

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف جو کام سازشوں سے نہ ہوسکا وہ اب نیب سے کرایا جارہا ہے، مگر یہ سوچنا خام خیالی ہے کہ نیب کے ذریعے ہماری زبان بند کرائی جاسکتی ہے، دیکھتے ہیں یہ 6 ووٹ کی حکومت کب تک چلتی ہے، وفاق نے سندھ کے 120 ارب روپے دبا رکھے ہیں، عمران خان مودی کے خلاف کچھ نہیں کرتے مگر مخالفین پر ضرور جھوٹے مقدمات بنائے جارہے ہیں، دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا وقت آتا ہے تو عمران خان خاموش رہتے ہیں کیوں کہ وہ بزدل ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں ضمانت پر کہا کہ نواز شریف کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہائی مل گئی، انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں کیوں کہ ہم بھی انسانیت پر یقین رکھتے ہیں۔

اس سے قبل وزیر بلدیات سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری مارچ کے دوران 25 سے زائد مقامات پر خطاب کریں گے، اپنے پیسے دے کر ٹرین بک کرائی ہے، اگر وفاقی حکومت ٹرین مارچ میں مداخلت کرے گی تو نمٹ لیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔