لورالائی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک

دہشت گرد 20مارچ کو لورالائی حملے میں 6 لیویز اہلکاروں کی شہادت میں ملوث تھے، آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک March 26, 2019
آپریشن میں سیکورٹی فورسز کے 4 اہلکار بھی زخمی ہوئے، اے ایس پی لورالائی۔ فوٹو : فائل

سیکیورٹی فورسز کی لورالائی میں کارروائی کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے ناصر آباد کے مقام پر مکان پر چھاپہ مارا جس پر وہاں چھپے ہوئے دہشت گردوں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سیکورٹی فورسز کے 4 اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں فوراً اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ سیکیورٹی فورسز نے مکان کو گھیرے میں لیکر آپریشن شروع کردیا۔

اے ایس پی لورالائی کے مطابق آپریشن کے دوران مکان میں موجود 4 دہشت گردوں نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد خود کو دھماکے سے اڑا لیا جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے، دہشت گردوں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ہلاک ہونے والوں میں بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کی کارروائی کا ماسٹر مائنڈ بھی شامل ہے جب کہ دہشت گرد 20مارچ کو لورالائی حملے میں 6 لیویز اہلکاروں کی شہادت میں ملوث تھے، دہشت گردوں کے قبضے سے خود کش جیکٹس، اسلحہ اور بارود سمیت شہید لیویز اہلکاروں کے شناختی کارڈز بھی برآمد ہوئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔