کراچی عید کے 3 دنوں میں 24 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا

اورنگی میں اے این پی کے کارکنوں سمیت5افراد،بلدیہ میںکانسٹیبل شیرحیدرنشانہ بنا،ملیر،،ماڑی پورروڈپر 4ہلاکتیں


Staff Reporter August 12, 2013
اورنگی میں اے این پی کے کارکنوں سمیت5 افراد،بلدیہ میںکانسٹیبل شیرحیدرنشانہ بنا،ملیر،پرانی سبزی منڈی لسبیلہ،ماڑی پورروڈپر 4ہلاکتیں. فوٹو: فائل

عیدالفطر کے 3 روزکے دوران بھی دہشت گردوں کو کوئی رحم نہیں آیا، فائرنگ اور تشدد کے واقعات میںپولیس اہلکاروں اورسیاسی کارکنوں سمیت 24 افرادہلاک ہوگئے۔

شہرمیں جہاں عیدالفطرجوش وجذبے سے منائی جارہی تھی وہیں مختلف علاقوں میںلوگ اپنے پیاروں کے جنازوںکوکاندھادیتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹائون کے علاقے مدینہ کالونی میں سوات ہوٹل کے قریب موٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے اتحاد ٹائون تھانے کاکانسٹیبل شیر حیدراور اتحاد ٹائون تھانے کے سب انسپکٹر شبیرکابیٹا عرفان ہلاک ہوگئے،مقتولین کی لاشیں سول اسپتال پہنچائی گئیں،دونوں سوات ہوٹل سے کھانا کھاکر نکلے تھے کہ تعاقب میں آنے والے ملزمان نے فائرنگ کانشانہ بنایااور فرار ہوگئے ،کانسٹیبل شیر حیدر کی میت چکوال جبکہ عرفان کی میت پنجاب روانہ کردی گئی۔اورنگی ٹائون کے علاقے قصبہ موڑپرموٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے 30 سالہ عبدالرزاق ہلاک ہوگیا، مقتول ایم پی آرکالونی کا رہائشی اور مقامی ہوٹل پرملازمت کرتا تھا ، مقتول کی کوئی سیاسی وابستگی سامنے نہیں آسکی۔

اورنگی ٹائون کے ہی علاقے میں ابراہیم علی بھائی اسکول کے قریب مدینہ ملک شاپ پرنامعلوم ہائی روف سوار ملزمان اپنے ساتھ ایک نوجوان کولائے جس کی آنکھوں پرپٹیاں بندھی ہوئی تھیں اورسر پر دو گولیاں مار کر فرار ہوگئے ،مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی جبکہ اس کی عمر تقریباً 22 برس معلوم ہوتی ہے۔اورنگی ٹائون کے علاقے ایک نمبرپرمچھلی بازارمیں حجام کی دکان پرفائرنگ سے 30 سالہ محمد اسماعیل ہلاک جبکہ28 سالہ عبدالمعبود زخمی ہوگیا۔اورنگی ٹائون کے ہی علاقے ایک نمبرپربلال مسجد کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 32 سالہ عمران اور 35 سالہ سعید جان ہلاک ہوگئے ،مقتولین شارع نور جہاں کے رہائشی تھے،وقوعہ کے وقت وہ میڈیکل اسٹورپردوا خرید رہے تھے کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے،مقتولین عوامی نیشنل پارٹی کے کارکن تھے۔

ملیرسٹی کے علاقے غازی ٹائون میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے22 سالہ عبادت علی ہلاک اور 25 سالہ شاہدزخمی ہوگیا،مقتول گلستان جوہر کا رہائشی تھااور اپنے کزن کے گھر عید ملنے آیا تھاجس کے بعد وہ واپس جارہا تھا کہ گھات لگائے ملزمان نے فائرنگ کردی۔پی آئی بی کالونی کے علاقے پرانی سبزی منڈی پرنامعلوم افراد کی فائرنگ سے 20 سالہ قاسم ہلاک ہوگیا،مقتول کی چپل کی دکان تھی اور علاقے کا ہی رہائشی تھاجبکہ اس کا آبائی تعلق باجوڑ سے تھا۔ماڑی پور روڈ پر گلی نمبر سات میں پرانا ٹرک اڈے کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا،پولیس کے مطابق مقتول کی عمرتقریباً 35 برس معلوم ہوتی ہے تاہم فوری طور پرشناخت نہیں ہوسکی۔لسبیلہ چوک پر2گروپوں کے درمیان مسلح تصادم ہوگیا، اس دوران دونوں جانب سے جدید اسلحے سے فائرنگ کی گئی ، فائرنگ کی زد میں آکر 35 سالہ امیر علی ہلاک ہوگیا، مقتول البیلا چوک کا رہائشی تھا، واقعے کے بعد ورثا نے اس کا جنازہ رکھ کر احتجاج بھی کیااور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔



کھارادرکے علاقے میںکتیانہ اسپتال کے قریب خاتون سمیت3افرادکی بوری میںبندلاشیں ملیں جنھیں سول اسپتال پہنچایاگیا،بعدازاں مقتولین کی شناخت لیاری گینگ وارکے کارندے عبدالجبار عرف جھینگوکے سسر،ساس اور سالے کی حیثیت سے کرلی گئی،مرنے والوںکے نام محمودبلوچ،اس کی اہلیہ نورجہاں اوران کابیٹاابیرمعلوم ہوئے ہیں،مقتول محمودبلوچ لیاری گینگ وارکے کارندے جبارجھینگوکاسسرہے ،پولیس کے مطابق جبار جھینگونے رقم کے تنازع پراپنے سسرال والوں کوبغدادی سے اغوا کے بعدفائرنگ کرکے ہلاک کیا اور لاشیں پھینک دیں تاہم واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔ذرائع نے بتایاکہ عبدالجبار عرف جھینگو اپنی تمام نقدی سسرال والوں کے پاس ہی رکھواتاتھا،چند ماہ قبل جب اس نے پیسوں کا حساب مانگاتواسے خورد برد کا شک گزراجس پر اس نے ان کی سرزنش کی اورتشدد کا نشانہ بنایا تاہم اس کے بعداس کے سسرال والے شاہ بیگ لین گلی نمبر 8 میں واقع اپنی رہائش گاہ چھوڑ کرفرار ہوگئے، عید کے دن جب وہ اپنی رہائش گاہ آئے تو عبدالجبار نے اپنے ساتھیوں جاویدلنگڑا اور دیگر کے ساتھ مل کرانھیں اغوا کیا اور تشدد کا نشانہ بنانے کے بعدفائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

لیاری کا علاقہ عید الفطر کے دوران بھی گولیوں کی گھن گرج سے گونجتارہا ،چاکیواڑہ ،بغدادی ، کلری ، جونا مسجد روڈ ، بہار کالونی ، الفلاح روڈ ، مندرہ محلہ ، رحیم آباد اور متصل علاقوں میں دو گروپوں کے درمیان مورچہ بند فائرنگ جاری رہی ،اس دوران بغدادی کے علاقے میں فائرنگ سے 35 سالہ عبدالمجید کچھی ہلاک جبکہ 22 سالہ محمد شہریار ، 65 سالہ انور حسین اور اعظم زخمی ہوگئے جنھیں سول اسپتال پہنچایا گیا ، اس دوران علاقے سے پولیس و رینجرز کی نفری غائب ہوگئی اور علاقہ مکینوں کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا۔سچل کے علاقے میں صفوراگوٹھ سے لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کیا،مقتول کی عمر تقریباً 30 برس معلوم ہوتی ہے،شناخت نہیں ہوسکی۔سہراب گوٹھ کے علاقے الآصف اسکوائرکے عقب میں حسن نعمان کالونی میں بچوں کے درمیان ہونے والاجھگڑا بڑوں تک پہنچ گیا، اس دوران ملزمان علی محمد اور عزیز نے تیز دھار آلے کے وار کرکے 14 سالہ گل رحمن کو ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے ۔

گارڈن سگنل پرموٹرنامعلوم ملزمان نے رکشاپرفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں17سالہ ثنادخترعبدالواحدہلاک ہوگئی،مقتولہ رنچھوڑلائن کی رہائشی تھی۔محمود آبادمیں پان کی دکان پرنامعلوم سمت سے آنے والی گولی سرمیں لگنے سے10سالہ عثمیٰ دخترشوکت بلوچ ہلاک ہوگئی ،مقتولہ علاقے کی ہی رہائشی تھی۔ رضویہ کے علاقے چائولہ مارکیٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے45 سالہ کانسٹیبل نظام ہلاک ہوگیا،مقتول رضیہ تھانے میں انٹیلی جنس ڈیوٹی کرتا تھاجبکہ وہ جعفریہ محلے کا رہائشی تھا،پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔گلبہارکے علاقے میں نامعلوم افرادکی کارپر فائرنگ سے 45 سالہ کونسلرخان ہلاک جبکہ اس کا بیٹا13 سالہ عمیر زخمی ہوگیا۔نارتھ ناظم آباد کے علاقے بلاک بی میں نجی اسپتال کے قریب نامعلوم افرادکی دکان پرفائرنگ سے 30 سالہ منظور احمدہلاک ہوگیا،مقتول پولٹری مصنوعات کاکاروبار کرتا تھا اورمجاہدکالونی کارہائشی تھا۔بلدیہ ٹاؤن سوات کالونی میں عیدالفطرکی تیسرے روزمسلح ملزمان کی فائرنگ سے32 سالہ ناصر شاہ طوطی اور28 سالہ محمدشکیل ہلاک ہوگئے۔

مقتول ناصر شاہ کی لاشں سول اسپتال جبکہ محمدشکیل کی عباسی شہیداسپتال پہنچائی گئی،مقتولین اسی علاقے کے رہائشی ہیں،ناصرشاہ کولیاری گینگ وارکے ملزم نثاری نے اپنے دیگرساتھیوں کے ہمراہ بھتہ نہ دینے پر فائرنگ کرکے ہلاک کیااورفرارہوگئے۔علاوہ ازیں ملیرکے علاقے میمن گوٹھ میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے25سالہ طاہر، بہار کالونی الفلاح روڈ پر40سالہ محمداسلم،ڈالمیاروڈپربحریہ قبرستان کے قریب25سالہ اسلم زخمی ہوگئے،اس کے علاوہ دعاچوک نیوکراچی سے خاتون،پنجاب چورنگی سے معمرشخص اورعثمان آباددھوبی گھاٹ کے قریب بھی ایک زخمی کوسول اسپتال لایا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں