بھارتی فوج کی آزاد کشمیر اور نارووال کے مختلف سیکٹروں پر بلااشتعال فائرنگ شہری شہید

بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کےلئے لاہور اور سیالکوٹ سیکٹرمیں پاک رینجرز کو الرٹ کردیا گیا ہے


ویب ڈیسک August 12, 2013
بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کےلئے لاہور اور سیالکوٹ سیکٹرمیں پاک رینجرز کو الرٹ کردیا گیا ہے، فوٹو رائٹرز

بھارت نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب چری کوٹ، ستوال، نکیال اور بٹل سیکٹروں میں نیا محاذ کھولتے ہوئے شدید گولہ باری کی جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید جب کہ لاہور اور قصورسیکٹرمیں پاک رینجرز کو الرٹ کردیا گیاہے۔

ایک طرف بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف مذموم پراپیگنڈے میں مصروف ہے جبکہ دوسری جانب بھارتی فوج باربارکنٹرول لائن پرجارحیت کی مرتکب ہورہی ہے، بھارتی فوج نے ایک بار پھر اتوار اور پیر کی درمیانی شب آزاد کشمیر کے تینوں سیکٹروں میں بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع کردیا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان شہری شہید ہوگیا جبکہ ایک خاتون کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی ہے، فائرنگ کے باعث سرحدی علاقوں کے مکینوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔

عسکری ذرائع کے مطابق بھارتی فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور پاک فوج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے، معاملہ کی سنگینی کے پیش نظر ڈی جی رینجرزاور بی ایس ایف کے کمانڈرمیں ہاٹ لائن پررابطہ بھی ہوا ہے، ذرائع کے مطابق بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کےلئے لاہور اور سیالکوٹ سیکٹرمیں پاک رینجرز کو الرٹ کردیا گیا ہے، جبکہ جوانوں کو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

بعد ازاں پیر کی شام بھارتی افواج نے ایک مرتبہ پھر سے سیزفائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نارووال سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ شروع کردی تاہم چناب رینجرز کی جانب سے بھرپور جواب ملنے پر انڈین بندوقیں خاموش ہو گئیں، اس دوران بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک پاکستانی شہری بھی شدید زخمی ہوا۔ عسکری زرائع کے مطابق بھارت نے نکیال سیکٹر میں بھی آج 3 مرتبہ فائرنگ کی اور نانگا ٹوپہ اور پانامہ چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا، پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔