ڈنگی وائرس وبائی صورت اختیار کرنے لگا مزید16افراد شکار ہو گئے

متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار ہوگئی،امسال وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے


Staff Reporter August 13, 2013
کراچی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں امسال ڈنگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی میں مزید 16 افراد ڈنگی وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 579 ہوگئی ہے۔

ڈنگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں تواتر سے ہونیوالے اضافے پر ماہرین طب کا کہنا ہے کہ امسال ڈنگی وائرس کی وبا میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، کراچی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں امسال ڈنگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، شہر میں ڈنگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہوچکی ہے لیکن ڈنگی سرویلنس سیل صرف چند اسپتالوں کے اعداد وشمارجاری کررہا ہے ،سیل کے اعداد وشمارکے مطابق 579 افراد اب تک اس وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں اور4 جاں بحق ہوچکے ہیں۔



ماہرین طب کا کہنا ہے کہ شہر میں ہنگامی بنیادوں پر جراثیم کش ادویات کے اسپرے کیلیے حکمت عملی ترتیب دی جائے بصورت دیگر وائرس وبائی صورت اختیارکرسکتا ہے،امسال ڈنگی وائرس ملیریا کے ساتھ رپورٹ ہورہا ہے جس سے کئی پیچیدگیاں سامنے آرہی ہیں، ملیریا اور ڈنگی کی علامات یکساں ہوتی ہیں تاہم خون کے ٹیسٹ سے بیماری کا صحیح علم ہوتا ہے،ماہرین کے مطابق مسلسل بخار کی صورت میں خون کا ٹیسٹ سی بی سی کرایا جائے جس میں پلیٹ لیٹ کی تعداد معلوم کی جاتی ہے پلیٹ لیٹ مطلوبہ تعداد سے کم ہونے کی صورت میں فی الفور علاج شروع کرایا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔