عوام اور زکریا ایکسپریس کے انجن فیل مسافر مشتعل

شدید گرمی اور حبس سے مسافر بے حال، ٹریک پر دھرنا،وزیر ریلوے کیخلاف نعرے


Nama Nigar August 13, 2013
شدید گرمی و حبس سے تنگ آکر مشتعل مسافروں نے ریلوے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ فوٹو: فائل

SHEFFIELD: کراچی سے پشاور جانے والی عوام ایکسپریس اور ملتان سے کراچی جانے والی زکریا ایکسپریس کے انجن فیل ہوگئے۔

شدید گرمی و حبس میں مسافروں کی حالت خراب، مشتعل مسافروں کا احتجاجی مظاہرہ و توڑ پھوڑ، پولیس کا لاٹھی چارج،3 مسافر زخمی، 5 گھنٹوں کے بعد متبادل انجن کے ذریعے ٹرینیں روانہ کردی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز کراچی سے پشاور جانے والی مسافر ٹرین عوام ایکسپریس اور ملتان سے کراچی جانے والی زکریا ایکسپریس کے نواب شاہ ریلوے اسٹیشن پر انجن فیل ہوگئے جس کی وجہ سے دونوں ٹرینوں کے سیکڑوں مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ شدید گرمی و حبس سے تنگ آکر مشتعل مسافروں نے ریلوے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔



ٹریک پر دھرنا دیا اور ریلوے اسٹیشن پر توڑ پھوڑ شروع کردی اور وزیر ریلوے کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔ مسافروں کے مظاہرے کو پولیس نے لاٹھی چارج کرکے ختم کیا۔ لاٹھی چارج کے نتیجے میں 3 مسافر بلال، غلام نبی اور اللہ دتہ معمولی زخمی ہوگئے بعدازاں شام ساڑھے5 بجے دونوں ٹرینوں کو متبادل انجن فراہم کرکے منزل مقصود کی جانب روانہ کردیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔