قومی اسمبلی کااجلاس آج شروع ہوگا ہنگامہ خیزہونے کا امکان

صدرکے پارلیمنٹ سے خطاب پراظہارتشکرکی قرارداد پربحث متوقع،حکومت مشکل سے دوچار


Numainda Express August 13, 2013
صدرکے پارلیمنٹ سے خطاب پراظہارتشکرکی قرارداد پربحث متوقع،حکومت مشکل سے دوچار. فوٹو: فائل

قومی اسمبلی کا ملکی سیاسی صورتحال ، پاک بھارت کشیدگی، ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے تناظر میں اہم ہنگامہ خیز اجلاس اسپیکرسردارایازصادق کی زیرصدارت آج شام 5بجے شروع ہوگا، قومی اسمبلی کا اجلاس 24اگست تک جاری رہے گا۔

اے پی پی کے مطابق قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یوم آزادی کی مناسبت سے اجلاس کی کارروائی کا آغاز قومی ترانہ سے کیا جائے گا۔اجلاس کے دوران صدر زرداری کے پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب پر اظہار تشکرکی قرارداد منظوری کے لیے بحث بھی متوقع ہے،اس قرارداد نے حکومت کوخاصی مشکل سے دوچارکردیا ہے، اجلاس شروع ہونے سے قبل اسپیکرکی زیرصدارت اجلاس کا ایجنڈا طے کرنے کے لیے ایوان کی ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس اسپیکر چیمبرمیں ہوگا۔



جس میں ن لیگ کے چیف وہپ اور پارلیمانی امورکے وزیرمملکت شیخ آفتاب احمد،ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فاروق ستار، پیپلز پارٹی کے سید نوید قمر، تحریک انصاف کے ڈاکٹرعارف علوی اورفاٹا کے رہنما شریک ہونگے۔اجلاس میں اسپیکرایوان کا ایجنڈا تمام پارٹیوں کے رہنماؤں کی مشاورت سے طے کرینگے۔دریں اثنا ن لیگ اور اس کی اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوگا جبکہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرکے تمام ارکان کو اپنی شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں