ماضی میں بلوچستان میں صرف الیکشن جیتنے کیلیے سیاست کی گئی وزیراعظم

بلوچستان کی ترقی سے پاکستان کی ترقی وابستہ ہے، وزیراعظم عمران خان


ویب ڈیسک March 29, 2019
میگا منصوبوں میں جدید کارڈیک سنٹر اور کوئٹہ ژوب روڈ شامل ہیں، آئی ایس پی آر۔ فوٹو : فائل

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی ترقی سے پاکستان کی ترقی وابستہ ہے جب کہ ماضی میں بلوچستان میں صرف الیکشن جیتنے کیلیے سیاست کی گئی۔

کوئٹہ میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی سے پاکستان کی ترقی وابستہ ہے، ماضی کے وزیراعظم نے بلوچستان سے زیادہ لندن کے دورے کیے جب کہ ماضی میں بلوچستان میں صرف الیکشن جیتنے کیلیے سیاست کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں حکمرانوں نے بلوچستان کو بری طرح نظر انداز کیا اور ملک کو ایسے چلایا کہ ہم کنگال ہوگئے، ماضی میں جو قرضے لیے اس کے روزانہ 6 ارب ادا کر رہے ہیں۔

ملک کو فرسودہ نظام سے نکال کر تبدیلی لائیں گے

وزیراعظم نے کہا کہ پرانے طریقے سے پاکستان کو دیوالیہ کر دیا گیا تاہم پاکستان میں اب تبدیلی کی سوچ ہے، ملک کو فرسودہ نظام سے نکال کر تبدیلی لائیں گے، بلوچستان کی ترقی سے پاکستان کی ترقی وابستہ ہے، کوئٹہ کیلئے ایک ماسٹر پلان بنانا بہت ضروری ہے تاہم ہم سے جوہوسکا بلوچستان کے لیے کریں گے۔

وزیراعظم نے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبے شروع کروانے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت اور فوج کے ساتھ مل کر صوبے میں کینسر کا اسپتال بنائیں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : پاک فوج اور بلوچستان حکومت کے مشترکہ منصوبوں کا وزیراعظم نے سنگ بنیاد رکھ دیا

گوادرمیں ہم انصاف ہیلتھ کارڈ دیں گے

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے گوادر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر آکر بہت خوشی ہوئی، مستقبل میں گوادر کی ترقی سے پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا، جب مقامی لوگوں کو فائدہ ہوتا ہے اسی وقت ترقی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ گوادرمیں ہم انصاف ہیلتھ کارڈ دیں گے جس کے تحت ہر خاندان کو7 لاکھ 20 ہزار روپے کا ہیلتھ کارڈ ملے گا۔

پانی کی ری سائیکلنگ کیلیے پلانٹ لگائیں گے

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مغربی علاقوں میں ایران سے بجلی جاتی تھی تاہم اب جلد اس علاقے کو نیشنل گرڈ سے جوڑ دیں گے، یہ علاقہ نیشنل گرڈ سے منسلک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سولڈ ویسٹ ٹریٹمنٹ شروع کریں گے جس سے پانی کو ری سائیکل کیا جائے گا، متحدہ عرب امارات میں پانی کو ری سائیکل کیا جاتاہے، پانی کی ری سائیکلنگ کیلیے پلانٹ لگائیں گے۔

گوادر سے کوئٹہ ریلوے ٹریک بنائیں گے

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ریلوے ٹیکنالوجی میں بہتری کیلیے چین سے بھر پور مدد لے رہے ہیں، گوادر سے کوئٹہ تک ریلوے ٹریک بنائیں گے، دنیا میں ریلویز بڑھ رہی ہیں اور ہمارے ملک میں بدقسمتی سے کم ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپریل میں چین کا دورہ کروں گا، پاکستان چین سے مختلف شعبوں میں معاونت حاصل کرسکتاہے، اگر آپ چین کی ٹرین میں سفر کریں تو 4 گھنٹے میں کراچی سے لاہور پہنچ جائیں گے۔

گودار کے پورے علاقے کو بجلی اور صاف پانی مہیا کیا جائے گا

عمران خان کا کہنا تھا کہ گوادر کی ترقی پورے پاکستان کی ترقی ہوگی، گوادر کے ماہی گیروں کیلیے اسپیشل گرانٹ رکھی ہیں، ماضی میں بلوچستان کی ترقی سے مقامی لوگوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوا، گودار کے پورے علاقے کو بجلی اور صاف پانی مہیا کیا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں