
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم عمران خان گورنر، وزیراعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزراء کے ہمراہ کوئٹہ کینٹ پہنچے جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم کا آرمی ایوی ایشن بیس پر استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں پاک فوج اور بلوچستان حکومت جوائنٹ وینچر کے تحت میگا منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا، سنگ بنیاد کی تقریب میں وزیراعظم کے ہمراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیراعلیٰ بلوچستان و گورنر سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس خوشحال بلوچستان پروگرام کا حصہ ہے
آئی ایس پی آر کے مطابق میگا منصوبوں میں جدید کارڈیک سنٹر اور کوئٹہ ژوب روڈ شامل ہیں، بلوچستان حکومت کے ساتھ مل کر پاک فوج نے کوئٹہ میں بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس خوشحال بلوچستان پروگرام کا حصہ ہے جب کہ اس منصوبے کو متحدہ عرب امارات نے اسپانسر کیا ہے۔
بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس سے مقامی آبادی کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم ہوں گی
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس سے مقامی آبادی کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم ہوں گی جب کہ کارڈیک اسپتال میں جدید آپریشن تھیٹرز، ایکو اور نیوکلیئر کارڈیو سہولیات بھی دستیاب ہوں گی، کارڈیک اسپتال میں ماحول دوست بائیو میڈیکل ورکشاپ اور ویسٹ مینجمنٹ پلانٹ بھی تعمیر ہوگا۔
این پچاس شاہراہ کی تعمیر سے مقامی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا
آئی ایس پی آر کے مطابق این 50 موٹر وے کوئٹہ اور ژوب کو ملائے گی، این پچاس شاہراہ کچلاک، مسلم باغ اور قلعہ سیف اللہ سے گزرے گی، این پچاس کی تعمیر سے کوئٹہ سے ڈی آئی خان کا سفر 12 گھنٹوں کے بجائے 4 گھنٹوں میں طے ہو گا، این پچاس کی تعمیر سے خیبر پختونخوا سے اشیاء کی سمندر تک تیز رفتار ترسیل ممکن ہوگی جب کہ این پچاس شاہراہ کی تعمیر سے مقامی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: ماضی میں بلوچستان میں صرف الیکشن جیتنے کیلیے سیاست کی گئی، وزیراعظم
کوئٹہ تا ژوب سڑک گوادر تک سی پیک مغربی روٹ کاحصہ ہے
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کوئٹہ تا ژوب سڑک گوادر تک سی پیک مغربی روٹ کاحصہ ہے، این پچاس مغربی سرحد کے ساتھ ساتھ ذیلی علاقائی کو ریڈور بھی ہو گا جو افغانستان، ایران کو پاکستان سے ملاتے ہوئے سی پیک مغربی روٹ تک رسائی دے گا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔