لاہور رجسٹری میں بارش کا پانی جمع سپریم کورٹ برہم

واسا کی کارکردگی انتہائی غیرتسلی بخش ہے، عدالت عظمیٰ، تفصیلی رپورٹ طلب


Numainda Express August 13, 2013
واسا کی کارکردگی انتہائی غیرتسلی بخش ہے، عدالت عظمیٰ، تفصیلی رپورٹ طلب

سپریم کورٹ کے جسٹس تصدق حسین جیلانی اور جسٹس شیخ عظمت سعید پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں نکاسی آب کے ناقص انتظامات پر لیے گئے ازخود نوٹس کیس میں بارش کے پانی کے اخراج کے نامناسب انتظامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا کہ واسا کی کارکردگی انتہائی غیر تسلی بخش ہے۔

چند منٹ کی بارش سے یہاں پانی کھڑا ہو جاتا ہے جس سے جج صاحبان، وکلا اورسائلین کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑتا ہے چنانچہ ہنگامی بنیادوں پر ایسے انتظامات کریں کہ عدالتوں میں آنے والے افراد کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنے پڑے۔ عدالت نے ایم ڈی واسا کو تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت15اگست تک ملتوی کر دی۔ پیر کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کیسوں کی سماعت ہونا تھی لیکن صبح ہونے والی بارش کے باعث سپریم کورٹ کے احاطے اور سٹرک پر پانی جمع تھا۔



جس کی وجہ سے جج صاحبان اور وکلا کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، عدالت نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی او لاہور، سیکریٹری ہائوسنگ اور ایم ڈی واسا کو طلب کرلیا۔ حکام نے بتایا کہ ہمارا نکاسی آب سسٹم بوسیدہ ہو چکا ہے جبکہ بارش کے پانی کے نکاس کیلیے ہنگامی اقدامات کیے جاتے ہیں لیکن بارشوں کے موسم میں صورتحال خراب ہو جاتی ہے اگر مزید 30لاکھ روپے مل جائیں تو نظام بہتر کیا جا سکتا ہے۔اے پی پی کے مطابق عدالت عظمیٰ نے ریمارکس دیے کہ منصوبے بنانے کی بات مت کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں