کراچی میں احتجاجی اساتذہ سے مذاکرات کامیاب میٹرک کے امتحانات وقت پرہوں گے

اساتذہ کے واجبات 10 دن کے اندر ادا کر دیے جائیں گے، صوبائی وزیرتعلیم

اگر ہم یہاں موجود ہوتے تو اساتذہ کے ساتھ زیادتی نہ ہوتی، وزیرتعلیم سندھ ۔ فوٹو:فائل

سندھ حکومت اور استاتذہ کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور وزیرتعلیم کے مطابق میٹرک کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق کراچی میں گورنمنٹ سیکنڈری ٹیچرز ایسوسی ایشن اور صوبائی حکومت کے مابین 3 گھنٹے تک جاری رہنے والے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور شہر میں میٹرک کے امتحانات ملتوی ہونے کا خدشہ ٹل گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گورنمنٹ سیکنڈری ٹیچرز ایسوسی ایشن اپنے مطالبات منوانے میں کامیاب ہوگئی ہے اور وزیر تعلیم نے گسٹا کے مطالبات تسلیم کرلیے ہیں، اساتذہ کا ٹائم اسکیل کا مطالبہ منظور ہوگیا ہے اور دیگر مطالبات پر کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، کمیٹی میں اساتذہ کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔


مذاکرات کے بعد وزیرتعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کراچی پریس کلب پہنچے اور دھرنا ختم کراتے ہوئے میڈیا سے بات کی، ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ پر تشدد کی مذمت کرتے ہیں، ہم یہاں نہیں تھے جس کی وجہ سے یہ سب کچھ ہوا، لیکن اب معاملات طے پاچکے ہیں اور میٹرک بورڈ کے سالانہ امتحانات یکم اپریل سے دیے گئے شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

صوبائی وزیرتعلیم نے کہا کہ ٹائم اسکیل 20 گریڈکا تین سال سے زیر التوا تھا، 22مارچ کو سمری آگے بڑھا دی تھی تاہم اب سمری منظور ہوگئی ہے اور اس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ اساتذہ کے واجبات 10 دن کے اندر ادا کر دیے جائیں گے، جب کہ ٹیسٹ پاس کرنے والے اساتذہ اور 2012 میں بھرتی ہونے والے اساتذہ کی اسکروٹنی کریں گے۔

اگر ہم یہاں موجود ہوتے تو اساتذہ کے ساتھ زیادتی نہ ہوتی، وزیرتعلیم سندھ ۔ فوٹو:فائل
Load Next Story