حُسن کی ملکہ نکول کڈمین

آج کی کامیاب اداکارہ جو کبھی احساسِ کمتری میں مبتلا تھی۔

آج کی کامیاب اداکارہ جو کبھی احساسِ کمتری میں مبتلا تھی۔ فوٹو: فائل

سمندر سے گہری اور روشن، نیلی آنکھوں، چاند چہرے، گھنگھریالے حسین سنہری بالوں کا تاج پہنے، حسن کے خزانے کی مالک نکول کڈمین گو آسٹریلوی شہری ہیں مگر وہ ہوائی کے شہر ہونولولو میں 20 جون 1967 کو پیدا ہوئیں اور چار سال کی عمر میں آسٹریلیا میں آباد ہوگئیں۔

شوخ و شنگ، کھلنڈری مگر شرمیلی سی نکول، بچپن ہی سے اداکاری کا شوق رکھتی تھیں، لیکن چوںکہ ان کے والدین بے حد سخت تھے اور سیاست سے وابستہ تھے چناںچہ گھر میں نکول کو سیاست پر بات کرنا پڑتی۔ چھوٹی عمر میں ہی انھوں نے ڈانس کی تربیت کے لیے ایک ادارے میں داخلہ لے لیا اور رقص سیکھا۔

1.77 میٹر یا 5 فٹ گیارہ انچ لمبی دبلی پتلی لڑکی بچپن میں ہڈیوں کی کم زوری کا شکار بھی رہی اور اسکول میں اس سرخ بالوں والی حسینہ میں احساس کمتری بھی رہا۔ وہ بہت حساس انسان ہیں۔ اور یہ وصف ایک اداکار کے لیے بہت ضروری بھی ہوتا ہے۔

ان کی پہلی فلم ''بش کرسمس'' تھی جو 1983 میں بنی۔ اس میں چند بچوں کو ایک گھوڑے کی تلاش رہتی ہے جسے چوری کرلیا گیا تھا۔ مگر یہ وہ فلم نہیں تھی جس سے وہ مشہور ہوئیں، بلکہ ڈراؤنی تھرلر فلم ''ڈیڈ کام'' (Dead Calm) وہ فلم تھی جس نے انہیں شہرت دی۔ یہ فلم ایک کشتی کے بارے میں تھی۔ نکول محض انیس برس کی تھیں جب یہ فلم بنی جب کہ اس فلم میں انھوں نے تیس برس کی عورت کا کردار بخوبی نبھایا۔ یہ ان کی حقیقت پسندی کی دلیل ہے۔ Far and Away میں انھوں نے اپنے سابق شوہر ٹام کروز کے ساتھ کام کیا۔ یہ ایک بہترین اور پرکشش ڈاکٹر خاتون کا کردار تھا۔

اس بہترین ماڈل، اشتہارات کی دنیا میں برانڈ ایمبسڈر اور اسٹائل آئیکون کی زندگی بے حد دیومالائی رہی ہے۔

فلمی دنیا اور وقت کے دلوں کی دھڑکن ٹام کروز سے ان کی پہلی ملاقات بھی ڈرامائی یا افسانوی ہی تھی۔ ہوا یوں کہ وہ جاپان میں فلم فیسٹیول میں شریک تھیں جب انھوں نے سنا کہ ٹام کروز ان سے ملنا چاہتے ہیں۔ ٹام ایک رومانوی فلم میں کام کر رہے تھے اور اس کے لیے ہیروئن کی تلاش میں تھے۔ ان کی نگاہِ انتخاب نکول پر جا ٹھہری۔ اس فلم کا نام تھا Days of Thunder۔ بظاہر وہ اپنے قد کی وجہ سے پریشان تھیں، کیوںکہ وہ ٹام کروز سے کافی لمبی تھیں۔ مگر ٹام نے برا نہ منایا کیوںکہ ٹام کو نکول سے پہلی نظر کا عشق ہوگیا تھا۔ چنانچہ ان دونوں نے 1990 میں شادی کرلی۔ ان کی شادی کی تصاویر ہم نے دبئی کے ایک مشہور میگزین میں دیکھی تھیں جس کے سرورق پر بھی ٹام کروز کا قاتل انداز تھا جب کہ نکول سے زیادہ حسین اور خوش جمال دلہن اور پری وَش کوئی اور نہیں دیکھی۔ خوشی ان کے انگ انگ سے پھوٹ رہی تھی۔ اور وہ دونوں محبت کے دیوتا کے تیر کا شکار لگ رہے تھے۔

اس وقت نکول کڈ مین کی شہرت کو چار چاند لگ گئے اور وہ دن بہ دن مشہور ہوتی گئیں۔ اس میں زیادہ ہاتھ ان کے اخلاق اور سیرت کا بھی تھا۔

ان کو ملنے والے ایوارڈز کی فہرست لمبی ہے مگر وہ خود دنیا کے لیے ایک انعام اور اعزاز سے کم نہیں۔ انھوں نے اپنی فلم To Die For کے لیے گولڈن گلوب ایوارڈ حاصل کیا۔ انھوں نے مختلف النوع کردار ادا کیے جو بے حد مشکل تھے۔ کبھی ایک جیسا کردار ادا کرنا انھیں پسند نہیں۔ انھوں نے ایک اور گولڈن گلوب ایوارڈ اپنی معرکۃ الآرا فلم میوزیکل ''مالن روج'' (Moulin Roug) پر حاصل کیا۔ اس میں انھوں نے سچی اداکارہ کا کردار اس خوبی سے نبھایا کہ وہ ان کی زندگی کی ٹریجڈی ہوگیا۔

عجیب شخص تھا جس نے مجھے تباہ کیا

خلاف اس کے یہ دل ہوسکا ہے اب بھی نہیں!

کئی آسکر ایوارڈ حاصل کرنے والی اس فلم کی شوٹنگ کے دوران ہی 2001 میں ان کی اپنے محبوب شوہر سے طلاق ہوگئی۔ یہ فلم بالکل نکول کی ذات کی خوبیاں لیے ہوئے تھی اور ان کے کیریئر کے لیے بہت اہم تھی۔ اس میں انھوں نے سرکس اور رقص کے مشکل ترین کھیل بھی خود ادا کیے۔ اس میں انھیں سچی محبت کو اسکرین پر دکھانا تھا۔ وہ اس کردار میں ڈوب گئی تھی۔ اور ان کے شوہر کو ان پر شک ہوگیا تھا۔ ویسے بھی آسکر کی دوڑ میں سارے رشتے پیچھے رہ جاتے ہیں، مگر اسی فلم کے ڈائیلاگ کے مطابق ''کچھ بھی ہوجائے مگر شو جاری رہنا چاہیے۔ (The show must go on)

اس صدی کا آغاز شاید ساری دنیا کے لوگوں کے لیے بے حد مشکل ہی رہا تھا۔ مگر نکول کے لیے اس لحاظ سے بھی کہ ستاروں کی چال ان کے خلاف ہوگئی تھی۔ یعنی ان کے برج میں منحوس زحل کی نحوست چھا گئی تھی۔ کہتے ہیں زحل وہ سیارہ ہے جو امتحان پہلے لیتا ہے اور سبق بعد میں دیتا ہے۔ نکول نے بھی زندگی کا سبق سیکھا، جو دکھوں، انتھک محنت اور مسلسل جدوجہد سے عبارت تھا۔ انھوں نے نہ صرف خود گانا شروع کردیا بلکہ اپنی زندگی اداکاری کے لیے وقف بھی کردی۔ چناںچہ انھیں اپنی محنت اور صبر عظیم کا پھل ملا، جو آسکر ایوارڈ کی صورت میں تھا۔ گو اس ایوارڈ میں ان کے ساتھ میرل اسٹریپ اور جولیان مور بھی تھیں۔

اس فلم میں انھوں نے مشہور مصنفہ ورجینیا وولف (Virginia Woolf) کا حقیقی اور عظیم کردار ادا کیا جس نے خودکشی کرلی تھی۔ یہ اتنا مشکل کردار تھا اور نکول نے اس خوبی سے نبھایا کہ خود کو اداکاری کی صنعت کی بے تاج ملکہ ثابت کردیا۔ اس میں ان کو مصنفہ کی طرح لمبی ناک بھی (نقلی) لگانا پڑی۔

طلاق کے کاغذات ہاتھ میں پکڑے، چھلانگیں لگاتے ہوئے، عدالت کی سیڑھیاں اترتے ہوئے شاید نکول سے زیادہ خوش کوئی نہ تھا، کیوںکہ جوزا افراد آزاد اور خودمختار زندگی گزارنا پسند کرتے ہیں۔ لیکن ہر سیڑھی پر رکھنے والا قدم گویا دل کی سرزمین پر پڑ رہا تھا اور زمین تک پہنچتے پہنچتے وہ جان گئیں کہ انھوں نے کیا کھویا ہے۔ محبت کو کھو دینے کا دکھ اور محبوب شوہر کی بے وفائی اور ستم گری نے اس ستم گر، سراپا حسن، نازک نار کو دشتِ غم کی آبلہ پائی میں جھونک دیا۔ نہ ختم ہونے والا تنہائی کا صحرا جس میں جلتے ہوئے انھوں نے خود کو سائبیریا کے برف زار میں محسوس کیا۔


اپنی اس کیفیت کو انھوں نے فلم ''کولڈ ماؤنٹین'' (Cold Mountain) بناکر پیش کیا جو بلاشبہ اعلیٰ ترین جوہر رکھتی ہے اور کئی آسکر ایوارڈز بھی حاصل کرچکی ہے۔ اس فلم میں سردی کا جو احساس ہے وہ نکول کی حیات کا عکاس ہے۔ اس میں ان کے ساتھ جیوڈلا(Jude Law) نے ہیرو کا کردار ادا کیا ہے جو خود بھی بہترین اداکار ہیں۔ یہ فلم Civil War کے متعلق تھی۔

اس کے علاوہ بھی نکول نے جس فلم میں بھی کام کیا وہ سپرہٹ ثابت ہوئی۔ چاہے وہ ''گولڈن کمپاس'' میں ان کا طلسماتی حسین روپ ہو یا پھر جاسوسی یا سائنس فکشن فلمیں ہوں۔ ان کی ایک اور فلم The Rabbit Hole میں بھی وہ آسکر کے لیے نامزد ہوئی جو نفسیات کے طالب علموں تو کیا استادوں کے لیے بھی ایک درسی کتاب کی حیثیت رکھتی ہے۔ سائنس فکشن فلم۔۔۔۔ بھی عظیم ہے۔ اس کے علاوہ انھوں نے اکیلے اور ٹام کروز کے ساتھ بھی کئی مشہور زمانہ فلموں میں بہترین کام کیا۔ The Stepford Wives ان کی مشہور زمانہ مزاحیہ فلم (2004) سائنس فکشن تھرلر تھی جو آج بھی مقبول ہے۔

نکول کڈمین نے ایک اور اکیڈمی ایوارڈ اپنی ڈراؤنی فلم The Others میں حاصل کیا جو 2002 میں ریلیز ہوئی۔

2006 میں بصد شدتِ غم و ہجر انھوں نے موسیقی کے بڑے نام، سڈنی کے Keith Urban سے 25 جون کو شادی کرلی اور اولاد کی نعمت سے سرفراز ہوئین۔ اپنے نئے شوہر کا علاج کروایا اور نشے کی لت سے نجات دلائی۔

2012 میں ان کی فلم The Paper Boy میں وہ نئے چونکا دینے والے گلیمرس مگر صحافی کے کردار میں نظر آئیں۔ ان کے ساتھ جان کیوسک اور Zae Efman تھے۔

2006 میں ہی انھوں نے ایک سنجیدہ کردار، مشہور صحافی اور فوٹو گرافر Diane Urbus کا، فلم Fur میں کیا۔

ستر کی دہائی کی مشہور ٹی وی سیریل Bewitched کی حسین جن Samantha کا کردار انھوں نے بڑی اسکرین پر اس سے بھی خوبی سے نبھایا۔

2006 میں ہی اینی میٹڈ فلم The Happy Feet میں ان کی آواز استعمال ہوئی۔

Hugh Jackman کے ساتھ 2008 میں ایک معرکۃالآرا کردار Australia ڈرامے میں اس وقت ادا کیا جب وہ خود حاملہ تھیں۔

2009 میں Nine میں جلوہ گر ہوئیں جو میوزیکل فلم تھی۔ اسی سال وہ ٹی وی ڈرامے Hemingway and Gellhorn میں بھی کردار کرتی نظر آئیں۔ اس میں انھوں نے مشہور شخصیت اور شاعر، ارنسٹ ہیمگنوے کی تیسری بیوی اور صحافی، مارتھا گیل ہارن کا کردار ادا کیا۔

اپنی نئی آنے والی فلم میں وہ مناکو کی حسین شہزادی اور کلاسیکی انگریزی فلموں کی ملکہ حسن، گریس کیلی کا کردار ادا کریں گی۔

ان کی دوسری فلموں میں پریکٹیکل میجک (1998)، Eyes Wide Shut (1999) جس میں ٹام کروز بھی تھے اور Billy Bathegate شامل ہیں۔ فلم Patriot میں بھی جاسوس کا کردار ادا کیا۔

مشہور بلاک بسٹر Batman میں انھوں نے بیٹ مین کی محبوبہ کا کردار بڑی خوبی سے ادا کیا۔

یہ خوب صورت اور بہ صلاحیت اداکارہ اپنے فن کا سفر جاری رکھتے ہوئے کام یابی کی نئی منزلوں کی مسافر ہے۔
Load Next Story