قوم مہنگائی کم نہ کرنے پرعمران خان سے استعفی طلب کرے خورشید شاہ

عمران خان کے سونامی کا مطلب تباہی ہے، خورشید شاہ


ویب ڈیسک March 30, 2019
عمران خان کی تبدیلی میں ایک روپے والی چیز 5 روپے کی ہوگئی، خورشید شاہ: فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی کے رہنما خورشہد شاہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کوجمہوری کہنا مناسب نہیں ہے درحقیقت یہ پرویز مشرف کے لوگ ہیں جو روپ بدل کر آئے ہیں۔

سکھرمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ملک بچانے کے لیے قربانی دی، ہم نے پارلیمانی نظام بہترکرنے کی کوشش کی، ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ ملک میں حقیقی جمہوریت آئے، ہم اب بھی حکومت کے ساتھ چلنے کوتیار ہیں، ہم جیلوں میں جانے کے لیے تیارہیں لیکن عمران خان ایک دن بھی جیل میں نہیں رہ سکتے، وہ خود اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں۔

پیپلزپارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ سب کو سوچنا چاہیے کہ یہ حکومت جمہوری طریقے سے آئی ہے یا نہیں، پی ٹی آئی حکومت کوجمہوری کہنا مناسب نہیں، درحقیقت یہ پرویز مشرف کے لوگ ہیں جو روپ بدل کر آئے ہیں، پرویز مشرف کی کابینہ کو موجودہ حکومت کا حصہ بنایا گیا۔ پرویز مشرف کبھی وطن واپس نہیں آئیں گے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ آج ملک میں مہنگائی کا سونامی ہے، عمران خان کےسونامی کا مطلب تباہی ہے، عمران خان کی تبدیلی میں ایک روپے والی چیز 5 روپے کی ہوگئی، تبدیلی کے باعث پشاور کا میٹرو بس منصوبہ 40 ارب سے 110 ارب کا ہوگیا، ملک نعروں سے نہیں چلے گا عملی طور پر کام کرنا ہوگا، ڈالر کی قدر میں اضافے کی تحقیقات ہونی چاہییں، حکومت کے پاس مہنگائی کے سونامی کا کوئی جواب نہیں، ہمارے دور میں کہا جاتا رہا کہ پیٹرول پر ٹیکس لگایا جارہا ہے، عمران خان کہتے تھے کہ حکومت میں آکر مہنگائی کم کریں گے، قوم مہنگائی کم نہ کرنے پرعمران خان سے استعفی طلب کرے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں