بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی مذاکرات کی پیشکش پھر مسترد کردی

پاکستان حافظ سعید سمیت ممبئی حملوں میں ملوث تمام افراد کے خلاف کارروائی کرے، سید اکبر الدین


ویب ڈیسک August 13, 2013
پاکستانی وزیر اعظم کی دوستی کا پیغام خوش آئند ہے اور بھارت پاکستان کے ساتھ تمام مسائل حل کرنے کا خواہش مند ہے، سید اکبرالدین فوٹو: فائل

لاہور: بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبرالدین نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لئے پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کا بیان خوش آئند ہے تاہم بھارتی فوجیوں کا معاملہ ختم ہونے تک پاکستان سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے۔

دارالحکومت نئی دہلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سید اکبرالدین نے نواز شریف کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم کی دوستی کا پیغام خوش آئند ہے اور بھارت پاکستان کے ساتھ تمام مسائل حل کرنے کا خواہش مند ہے تاہم جب تک لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کا معاملہ ختم نہیں ہوتا تب تک پاکستان سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوسکتے۔

ترجمان بھارتی دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان حافظ سعید سمیت ممبئی حملوں میں ملوث تمام افراد کے خلاف کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں موجود تمام پاکستانیوں کی حفاظت کی ذمہ داری بھارت پر عائد ہوتی ہے اور اس سلسلے میں ہم اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے انجام دیں گے۔

واضح رہے کہ کنٹرول لائن کی صورتحال کے باعث پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات ایک بار پھر کشیدہ ہوگئے ہیں اور بھارت مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کر رہا ہے تاہم ہمیشہ کی طرح خلاف ورزی کا الزام پاکستان پر لگادیا جاتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔