افغان ایف سی چمن نے بلوچستان فٹبال کپ کا تیسرا ایڈیشن جیت لیا

ٹورنامنٹ میں 48 ٹیموں کے 720 کھلاڑیوں نے حصہ لیا


ویب ڈیسک March 30, 2019
میچ کوئٹہ کے مالی باغ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، فوٹو: ایکسپریس

ISLAMABAD: افغان ایف سی چمن نے کوئٹہ کے مالی باغ فٹبال اسٹیڈیم میں یوفون بلوچستان فٹبال کپ کا تیسرا ایڈیشن جیت لیا۔

فائنل میں افغان ایف سی چمن کا مقابلہ جالاوان ایف سی خضدار سے ہوا۔ گراؤنڈ میں فائنل دیکھنے کے لیے ہزاروں شائقین موجود تھے۔ اس ٹورنامنٹ میں 48 ٹیموں کے 720 کھلاڑیوں نے حصہ لیا جس میں یہ دو ٹیمیں سب سے زیادہ طاقتور بن کر سامنے آئیں۔

فائنل میں افغان ایف سی چمن کے نعمت اللہ نے کھیل کے 19 ویں منٹ میں ہی کارنر کے ذریعے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلادی۔ اس کے بعد جالاوان ایف سی خضدار کی ٹیم نے حریف ٹیم کی گول پوسٹ پر متعدد حملے کرنے شروع کیے تاہم انہیں افغان ایف سی چمن کے مضبوط دفاع کی وجہ سے گول اسکور کرنے میں ناکامی کا سامنا رہا۔

جالاوان ایف سی خضدار کے فضل محمد نے کھیل کے 28 ویں منٹ میں ہیڈ لگا کر گول کرنے کی شاندار کوشش کی تاہم افغان ایف سی چمن کے گول کیپر حمید اللہ نے سنسنی خیز انداز سے گول روک کر سب کو حیران کردیا۔ کھیل کے 32 ویں منٹ میں افغان ایف سی چمن نے بھی گول کرنے کی ایک اور کوشش کی تاہم جالاوان ایف سی کے گول کیپر سلیم نے ڈائیو لگا کر گول روک لیا۔

پہلے ہاف کے وقفے کے دوران کوئٹہ کے گلوکار اور موسیقار اظہار علی نے یوفون بلوچستان فٹبال کپ کا آفیشل نغمہ بعنوان 'جیت کے دکھا دو' گایا اور وہاں موجود شائقین فٹبال نے انہیں بھرپور داد سے سراہا۔

دوسرے ہاف میں افغان ایف سی چمن نے کھیل کے 46 ویں منٹ میں فری کک حاصل کی تاہم وہ گول اسکور نہ کرسکے۔ جلد ہی افغان ایف سی چمن کے عبدالرحیم نے کھیل کے 51 ویں میں جارحانہ موو کے ذریعے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم بنادی۔

اس کے بعد افغان ایف سی چمن کی ٹیم پورے کھیل میں نمایاں رہی۔ میچ کے 56 ویں منٹ میں نعمت اللہ نے بھی ہیڈ سے گول کی ناکام کوشش کی۔ جالاوان ایف سی خضدار کے فضل محمد نے 63ویں منٹ میں کارنر حاصل کیا لیکن کھلاڑیوں میں بہتر رابطہ نہ ہونے کی وجہ سے وہ گول اسکور نہ کرسکے۔

گراؤنڈ میں جالاوان ایف سی خضدار کے کھلاڑی ذہنی طور پر ہمت ہار چکے تھے ، وہ غیر منظم ہوگئے اور ان کے درمیان رابطہ نہ ہونے کے برابر رہ گیا۔

دوسری جانب افغان ایف سی چمن نے میچ میں ایک اکائی کے طور پر شاندار کھیل سے اپنی مضبوط گرفت رکھی اور حریف ٹیم کو مدافعانہ پوزیشن پر ڈال کر فائنل 0-2 جیت لیا۔ جیتنے کے بعد افغان ایف سی چمن کی ٹیم نے پاکستانی پرچم کے ہمراہ گراؤنڈ کا چکر بھی لگایا۔

اس موقع پر بلوچستان فٹبال ایسوسی ایشن کوئٹہ کے صدر محمد اصغر کاسی بھی موجود تھے۔ یوفون کے ریجنل جنرل منیجر (ساؤتھ) سید فیصل رضوی نے چیمپیئن شپ کی ٹرافی فاتح کپتان جدید خان کو پیش کی۔

اس موقع پر ٹورنامنٹ کی اولین چار ٹیموں کو نقد انعامات پیش کیے گئے۔ فاتح ٹیم افغان ایف سی چمن کے کپتان جدید خان نے کہا، ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے اس مقام تک پہنچنے کے لیے بہت محنت کی ہے، ہم اپنی کارکردگی سے بہت خوش ہیں اور اگلا سیزن کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں