کرتار پور راہداری پر بھارتی ڈکٹیشن قبول نہ کی جائے سکھ کونسل آف پاکستان

پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کا خالصتان تحریک سے تعلق جوڑنا انتہائی مضحکہ خیزہے، رہنما سکھ کونسل آف پاکستان

کرتارپور راہداری منصوبے سے متعلق وزیراعظم کے ہر فیصلے کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی فوٹو: فائل

سکھ کونسل پاکستان نے بھارت کی طرف سے پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے ممبران پراعتراض کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے بھارت کے اس اقدام کو کرتارپور راہداری منصوبے سے فرار کی ایک ناکام کوشش قرار دیا ہے۔

سکھ کونسل پاکستان کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کوخط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں ان سے مطالبہ کیا جائے گا کہ حکومت کو کرتار پور راہداری منصوبے کے حوالے سے بھارتی حکومت کے دباؤ میں آنے کی ضرورت نہیں ہے اوراس کی کوئی ڈکٹیشن قبول نہ کی جائے۔

سکھ کونسل آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل سردار سرجیت سنگھ کنول نے ایکسپریس کوبتایا کہ بھارت کا سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے اراکین پراعتراض کوجواز بنا کر کرتار پور راہداری منصوبے کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات سے راہ فرار اختیار کرنا بھارت کی سوچی سمجھی سازش ہے، بھارتی حکومت اوراس کے چند ادارے کرتار پور راہداری منصوبے سے خوش نہیں، پاکستان کی طرف سے منصوبے کی بروقت تکمیل کے حوالے سے تیزی سے کام جاری ہے جب کہ بھارتی حکومت ابھی تک کاغذی پلان تیار کررہی ہے۔ پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کا کرتار پور راہداری منصوبے سے کوئی تعلق نہیں، یہ کمیٹی 1999 سے کام کررہی ہے جس کا بنیادی مقصد پاکستان میں سکھ گوردواروں کی دیکھ بھال اور بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی کرنا ہے۔


سکھ کونسل آف پاکستان کے ایک اور رہنما سردار اجیت سنگھ ساگر نے کہا کہ پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کا خالصتان تحریک سے تعلق جوڑنا انتہائی مضحکہ خیزہے ، یہ کمیٹی سکھ گوردواروں اورسکھ یاتریوں کی سیواکے لئے کام کررہی ہے،پاکستان سمیت دنیا بھرمیں لاکھوں سکھ آباد ہیں ، خالصتان تحریک کے حوالے سے ہرایک کا اپنا اپنا موقف ہے اس کا سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ بھارت کی الزام تراشی محض پراپیگنڈا اورکرتارپورراہداری منصوبے کوسبوتازکرنا ہے

بھارت کی طرف سے جن پاکستانی سکھ رہنماؤں پرخالصتان حمایتی ہونے کا الزام لگایا گیا ہے ان میں پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے سابق پردھان سرداربشن سنگھ بھی شامل ہیں جو ضلع کونسل لاہورکے ممبررہ چکے ہیں اوران کی پاکستان کے گوردواروں اورسکھ کمیونٹی کے لئے مثالی خدمات ہیں

پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے سابق سیکرٹری جنرل سردارگوپال سنگھ چاولہ نے کہا کہ وہ امن پسندآدمی ہیں ہمیشہ حق سچ کی بات کی ہے اورکرتے رہیں گے۔ انہوں نے کبھی انتشار پیدا کیا اور نہ کبھی ایسے اقدام کی حمایت کی ہے۔ وہ وزیراعظم عمران خان کے کرتارپور راہداری منصوبے سے متعلق ہرفیصلے کی حمایت کرتے ہیں

دوسری طرف دفترخارجہ پاکستان نے بھی بھارتی اقدام پراظہارافسوس کیا ہے جبکہ وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری واضع کرچکے ہیں کہ کرتارپور راہداری کونومبرمیں گورورنانک دیو جی کے 550 ویں جنم دن کے موقع پرکھول دیا جائے گا۔
Load Next Story