پہلا ٹیسٹ بھارت نے نیوزی لینڈ کے گرد شکنجہ کس دیا

159 پر ڈھیر ہوکر فالوآن کا شکار کیویز 41 پر ایک وکٹ کھوبیٹھے، ایشون کے 6 شکار

159 پر ڈھیر ہوکر فالوآن کا شکار کیویز 41 پر ایک وکٹ کھوبیٹھے، ایشون کے 6 شکار۔ فوٹو : فائل

بھارت نے کیویز کے گرد شکنجہ کس دیا، 159 پر ڈھیر ہوجانے والی مہمان ٹیم نے فالو آن کے بعد تیسرے دن بارش کے سبب قبل از وقت ختم ہوجانے والے کھیل میں 41 پر ایک وکٹ کھودی ، اننگز کی شکست کو ٹالنے کیلیے ابھی مزید 238رنز درکار ہیں، تیسرے روز موسم کی مداخلت سے صرف 38 اوورز کا کھیل ممکن ہو پایا، روی چندرن ایشون نے پہلی اننگز میں 6 اور پراگیان اوجھا نے 3 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق پہلے ٹیسٹ میں بارش کے باوجود نیوزی لینڈ کے بچائو کا امکان کافی کم دکھائی دیتا ہے۔


تیسرے روز کا کھیل بارش اور پھر آئوٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے تاخیر سے شکار ہوا جبکہ پورے دن میں مجموعی طور پر 38 اوورز کا ہی کھیل ممکن ہوسکا مگر بھارت نے اس میں بھی میچ کو مکمل طور پر اپنے کنٹرول میں کرلیا، لنچ سے قبل ہی نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم پہلی باری میں 159 رنز پر آئوٹ ہوگئی آخری پانچ وکٹیں صرف 48 رنز اضافے کے ساتھ گرگئیں۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ٹور میچ نہ ہونے کی وجہ سے بھی بھارتی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے میں مشکل کا سامنا رہا۔جیمز فرینکلن 43 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے جبکہ ڈگ بریسویل نے17رنز بنائے۔ کیویز کو حسب توقع بھارت نے اسپن جال سے شکار کیا ۔

پہلی اننگز میں میزبان اسپنرز نے 9 وکٹیں حاصل کیں، ایشون نے 31 رنز کے عوض 6 وکٹیں لیں جبکہ اوجھا نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ فالو آن کے بعد بھی کپتان دھونی نے اوجھا سے ہی بولنگ کا آغاز کرایا مگر اس بار کیوی اوپنرز نے سنبھل کر کھیلنے کی ٹھانی اور تحمل کا ثبوت دیا، برینڈن میک کولم نے بارش کی وجہ سے قبل ازوقت کھیل رکنے تک 16 رنز 59 گیندوں پر بنائے، انھیں بدقسمتی سے اپنے اوپننگ پارٹنر مارٹن گپٹل کی 16 ہی رنز پر جدائی برداشت کرنا پڑی جوکہ اوجھا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، نیوزی لینڈ نے دوسری باری میں ایک وکٹ پر 41 رنز بنالیے اور ابھی خسارہ پورا کرنے کیلیے 238 رنز اور درکار ہیں، میچ بچانے کیلیے اس کو اگلے دوروز بارش ہونے کی دعا کرنا ہوگی۔
Load Next Story