قازقستان کی یونیورسٹی کا پروفیسر اقبال چوہدری کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دینے کا اعلان

پاکستان کے ممتاز کیمیا داں کو الفارابی قازق یونیورسٹی کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی سند دو اپریل کو دی جائے گی


ویب ڈیسک April 01, 2019
ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کو قازقستان کی الفارابی یونیورسٹی کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دینے کا اعلان (فوٹو: فائل)

پاکستان کے ممتاز سائنس داں ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے ملک کا نام روشن کردیا انہیں دو اپریل کو قازقستان کی جامعہ کی طرف سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی جائے گی۔

قازقستان کی الفارابی قازق نیشنل یونیورسٹی بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی سائنس دان اور بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کو سائنس کے میدان میں اُن کی غیر معمولی علمی و تحقیقی خدمات کے اعتراف میں "الفارابی قازنو اعزازی ڈاکٹر" کا ٹائٹل عطا کرے گی۔

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق قازقستان کی وزارت برائے تعلیم اور سائنس کے اعلیٰ آفیشل کی جانب سے پروفیسراقبال چوہدری کو الفارابی قازق نیشنل یونیورسٹی میں ڈاکٹریٹ کا اعزاز دیا جائے گا، پروفیسر اقبال چوہدری قازقستان میں ہی منعقدہ ایک عالمی فورم میں بھی شرکت کریں گے۔

پروفیسر اقبال چوہدری نے نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں، اس ضمن میں ان کی تقریباً 2120 تحقیقی مقالہ جات بین الاقوامی سطح پر شائع ہوچکے ہیں، امریکا اور یورپ میں ان کی تحریرو ادارت کردہ 68 کتب اور دیگر کتب میں 40 ابواب (چیپٹر) شائع ہوچکے ہیں علاوہ ازیں بین الاقوامی سائنسی جرائد میں 1098 تحقیقی اشاعتیں اور 51 پیٹینٹ بھی قابل ذکر ہیں۔

ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کیمیا سے متعلق متعدد غیرملکی کتب و جرائد کے مدیر ہیں جبکہ ان کے سائنسی کام کو 23 ہزار مرتبہ بطور حوالہ پیش کیا گیا ہے، ان کے زیر نگرانی 84 طالب علم پی ایچ ڈی اور 19 ایم فل کورس مکمل کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ بین الاقوامی اعزازات کا حامل ہونے کے ساتھ ساتھ پروفیسر اقبال چوہدری کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز، ستارہ امتیاز اور ہلالِ امتیاز بھی عطا کیا جاچکا ہے۔ پروفیسر اقبال چوہدری وزیراعظم پاکستان کی زیرِ نگرانی قومی کمیشن برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے رکن بھی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں