پانی کے واجبات نادہندگان کیخلاف 16 اگست سے گرینڈ آپریشن کا فیصلہ

وصولی کیلیے تمام قانونی طریقے اختیار کرنیکی ہدایت، ڈائریکٹر فنانس واسا کی زیر صدارت اجلاس، ناقص ریکوری پر برہمی۔۔۔


Numainda Express August 14, 2013
نادہند صارفین کے کنکشن کاٹنے کے علاوہ، موٹریں ضبط اور لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت دیگر قانونی کارروائی بھی عمل لائی جائے گی۔ فوٹو: رائٹرز/ فائل

ڈائریکٹر فنانس اینڈ کمرشل واسا رحمت اللہ جمالی نے ناقص ریکوری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام منیجر کمرشل اور اسسٹنٹ ٹیکسیشن آفیسرز کو متنبہ کیا ہے کہ وہ پانی کے واجبات کی وصولی کے لیے تمام قانونی طریقے بروئے کار لائیں اور نادہندگان کے خلاف 16 اگست سے گرینڈ آپریشن شروع کیا جائے۔

میڈیا سیل ایچ ڈی اے کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وہ منگل کو اپنے دفتر میں ریکوری کے حوالے سے ہنگامی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں تعلقہ لطیف آباد، سٹی اور قاسم آباد سے تعلق رکھنے والے تمام منیجر کمرشل، اسسٹنٹ ٹیکسیشین آفیسرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر فنانس نے ریکوری کے اہداف حاصل نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جامع حکمت عملی مرتب کرنے اور منظم انداز میں کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔



انہوں نے ہدایت کی کہ ماہ جولائی کے بلوں کی ادائیگی کی آخری تاریخ 16 اگست کے بعد بھرپور ریکوری آپریشن کا آغاز کیا جائے جس میں نادہند صارفین کے کنکشن منقطع کرنے کے علاوہ ان کی پانی کی موٹریں بھی ضبط کی جائیں اور لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت دیگر قانونی کارروائی بھی عمل لائی جائے۔ انہوں نے اس ضمن میں صارفین سے بھی اپیل کی کہ وہ قانونی پیچیدگیوں اور دیگر مشکلات سے بچنے کے لیے اپنے ذمے واجب الادا بقایاجات کی فوری ادائیگی یقینی بنائیں، تاکہ واسا بہتر سے بہتر انداز میں شہریوں کو خدمات مہیا کر سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں