دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے متفقہ حکمت عملی کی ضرورت ہے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی

ہمیں یہ کبھی نہیں بھولنا چاہیے کہ آزادی ایک نعمت ہے لیکن اسے برقرار رکھنے کیلئے ہم سب کے کچھ فرائض ہیں، آرمی چیف


ویب ڈیسک August 14, 2013
آرمی چیف نے کہا کہ اندرونی مسائل ہماری خاص توجہ کے مستحق ہیں کیونکہ یہ ملک کی سالمیت اور ہر پاکستانی کے جان و مال کے لئے خطرہ ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

WASHINGTON: آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا کہ پاکستان کے قیام کا مقصد ایک زمین کے ٹکرے کو پانا نہیں بلکہ ایک اسلامی فلاحی ریاست کا قیام تھا جس میں اسلام کے سنہرے اصول ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد بنیں۔

ایبٹ آباد میں ملٹری ایکڈمی کاکول میں یوم آزادی کی پریڈ سے خطاب کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ آزادی کی پریڈ میں شریک ہونا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، اگر بحیثيت قوم ہماری صفوں میں اتحاد اور قومی امور کی سوچ میں ہم آہنگی ہو گی تو پھر کسی بھی مسئلے کا حل چاہے وہ دہشت گردی ہو، توانائی کا بحران یا معاشی عدم استحکام ہو ہماری دسترس سے باہر نہیں، ہمیں کئی اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، اندرونی مسائل ہماری خاص توجہ کے مستحق ہیں کیونکہ یہ ملک کی سالمیت اور ہر پاکستانی کے جان و مال کے لئے خطرہ ہیں، ان پر مؤثر طریقے سے قابو پانے کے لئے چند یا ایک ملکی اداروں کا کوشش کرنا ہرگز کافی نہیں بلکہ یہ جدو جہد ملک کے ہر ادارے اور پورے معاشرے کو کرنا ہو گی۔

آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا کہ ہماری سب سے پہلی ترجیح ملک و قوم کا مفاد ہونا چایئے، ہمیں یہ کبھی نہیں بھولنا چاہیے کہ آزادی ایک نعمت ہے لیکن اسے برقرار رکھنے کیلئے ہم سب کے کچھ فرائض ہیں، انفرادی مفادات کو قومی مفادات کی نفی کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیئے، ہمیں ملک و قوم کے لئے ایک ہو کر سوچنا ہو گا۔ دہشت گرد اپنے نا پاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ اس قوم نے 10 سال تک دہشت گردی کا سامنا کرنے کے باوجود خوف کو اپنے اوپر طاری نہيں ہونے دیا اور ایسی بہادر قوم کے خلاف دہشتگردی بطور حکمت عملی کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے سامنے جھکنا کوئی حل نہیں، ہمیں دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے کسی بھی حل پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے، پاک فوج نے بے مثال قربانیاں دیں ہیں اور آج بھی ہم قوم کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ جنگ تب ہی جیتی جا سکتی ہے جب ہم سب مل کر ایک حکمت عملی پر متفق ہوں تاکہ نہ تو ہمارے زہنوں میں ابہام رہے اور نہ دہشت گردوں کے۔

آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا کہ پاکستان کے بارے میں شکوک شبہات کا اظہار کرنے والے اس قوم کے عزم و ہمت اورجزبہ ایثار کو سمجھنے سے قاصر ہیں، یہ ضروری ہے کہ ہم مذہبی، لسانی اور علاقائی اختلافات اور تعصبات سے بالا تر ہو کر سوچیں اور سمجھیں تو راستے خود بخود آسان ہو جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں