پاکستان توڑنے کی باتیں کرنیوالے خود مٹ جائینگے سیاسی اور مذہبی رہنما

قادر پٹیل، شاہ تراب الحق، ثروت اعجاز،حسن ظفر،انجینئرنوید قمر،سعید غنی، آفاق احمد، ڈاکٹر فوزیہ اور دیگر کے پیغامات

قادر پٹیل، شاہ تراب الحق، ثروت اعجاز،حسن ظفر،انجینئرنوید قمر،سعید غنی، آفاق احمد، ڈاکٹر فوزیہ اور دیگر کے پیغامات۔ فوٹو: فائل

مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ پاکستان توڑنے کی باتیں کرنیوالے خود مٹ جائینگے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر قادر پٹیل ، جنرل سیکریٹری سید نجمی عالم، سینیٹر سعید غنی اور سیکریٹری اطلاعات لطیف مغل نے کہا کہ یوم آزادی کے اس موقع پر تمام پاکستانیوں کو چاہیے کہ وہ اس بات کا عہد کریں کہ وہ ہر قسم کی فرقہ واریت ، نسلی تعصب اور انتہاپسندی کے خلاف جدوجہد کریں گے اور ملک کی سالمیت، یکجہتی اور استحکام کیلیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،جماعت اہلسنت کراچی کے امیر علامہ سید شاہ تراب الحق قادری اور مولانا ابرار رحمانی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پاکستان کا روشن مستقبل نظام مصطفی کے عملی نفاذ سے وابستہ ہے، جشن آزادی کے موقع پر قرآن خوانی، پاکستان کی خوشحالی، ترقی، امن و سلامتی کیلیے دعائیں کی جائیں گی۔

مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہاکہ یہ ملک ہمارے بزرگوں نے بے پناہ قربانیاںدے کر حاصل کیاہے اور اسی ملک سے ہمارا اور ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل وابستہ ہے، اس کی حفاظت صرف افواج پاکستان کی نہیں ہماری بھی ذمے داری ہے، پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجازقادری نے کہا کہ پاکستان ہمارے عظیم اکابرین کی قربانیوں کا ثمر ہے، آزادی عظیم نعمت ہے اور اس نعمت کا شکر بجالانے کیلیے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا کریں اور ملک کے استحکام وترقی اور خوشحال کیلیے خصوصی دعائیں کی جائیں، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ حسن ظفرنقوی، جعفریہ الائنس کے سربراہ علامہ عباس کمیلی، خطیب مسجد باب العلم مولانا شہنشاہ حسین نقوی نے اپنے علیحدہ علیحدہ بیانات میں کہا کہ یوم آزادی پر ہمیں ملک کی بقا اور سلامتی کے عزم کی تجدید کرنی ہوگی، جب تک دہشت گردی کیخلاف ٹھوس حکمت عملی اختیار نہیں کی جائے گی ملک کا استحکام خطرے میں رہے گا۔




جماعتہ الدعوۃ کراچی کے تحت پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر مساجد میں ملکی یکجہتی اور سلامتی کیلیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی، امیر جماعتہ الدعوۃ کراچی انجینئر نوید قمر نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی و استحکام کیلیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، جماعتہ الدعوۃ کراچی کے تحت تکمیل پاکستان کاروان کا اہتمام کیا جائے گا، کاروان سفاری پارک سے کراچی پریس کلب تک نکالا جائے گا، پاکستان عوامی تحریک سندھ کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری سید ظفراقبال قادری نے جشن آزادی کے موقع پر کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے امت مسلمہ کا وکیل ہونے کا حق ادا کر دیا۔

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے پوری قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر حکومت ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی رہائی کیلیے خصوصی اقدامات کا اعلان کرے، پاسبان کے قائم مقائم مرکزی صدر حسین خان نے پوری قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ 14 اگست کو پاکستان کے ہر گھر، ہر محلے، گلیوں اور سڑکوں پر پاکستانی پرچم لہرائیں اور پاکستان کی آزادی کا جشن بھرپور انداز سے منائیں،جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر رخسانہ جبین نے جشن آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم اپنا جائزہ لینے اور1947 والاجذبہ بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔
Load Next Story