پاکستانی کرکٹ کو مستقبل کا شاہد آفریدی مل گیا

انگلینڈ کیخلاف انڈر 19 میچ میں اپردیر کے آل راؤنڈر کامران کی طوفانی سنچری


Sports Desk August 14, 2013
180 رنز کی فتح نے ٹیم کو ٹرائنگولر سیریز کے فائنل میں پہنچادیا، ظفر کی 3 وکٹیں۔ فوٹو: اے ایف پی / فائل

پاکستانی کرکٹ کو مستقبل کا شاہد آفریدی مل گیا، انگلینڈ کیخلاف ٹرائنگولر انڈر19 ٹورنامنٹ کے میچ میں اپردیر، خیبر پختونخوا کے آل راؤنڈر کامران غلام نے طوفانی سنچری داغ کر ٹیم کو 180 رنز سے فتح دلا دی۔

5 میں سے 4 میچز جیت کر گرین شرٹس نے فائنل میں بھی جگہ بنالی، 16 اگست کومیزبان سے آخری لیگ میچ کے بعد ٹیم 19 تاریخ کو فیصلہ کن معرکے میں حصہ لے گی۔ منگل کو پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں7 وکٹ پر 369 رنز بنا دیے،اوپنر سمیع اسلم نے شاندار فارم کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے 57 رنز اسکور کیے، حسن رضا نے 71 کی اننگز کھیلی۔



رائٹ ہینڈر کامران غلام نے انگلش بولنگ کے بخیے ادھیڑتے ہوئے 56 گیندوں پر 102 رنز بٹورے ،18 سالہ پلیئر نے9 چوکے اور7 چھکے رسید کیے، وہ لیفٹ آرم اسپن بولنگ بھی کرتے اور قومی ٹی ٹوئنٹی ایونٹ میں ایبٹ آباد فالکنز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ جواب میں انگلش ٹیم 35 اوورز میں 189 رنز پر ہمت ہارگئی،ریان ہیگنز 65 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکور رہے، ظفرگوہر 3 وکٹوں کے ساتھ کامیاب ترین بولر ثابت ہوئے جبکہ حسین طلعت، فرحان نذیر اور ضیاالحق نے 2،2 کھلاڑیوں کوپویلین چلتا کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں