سنسناٹی ٹین وینس ولیمز نے پہلا مرحلہ عبور کرلیا

اینجلیک کیربر نے کیرن کینپ کو مات دیکر فاتحانہ آغاز کیا، اسٹوسر بھی کامیاب، مینز ایونٹ میں مارڈی فش کی چھٹی

سنسناٹی ٹینس: امریکی پلیئر وینس ولیمز پہلے راؤنڈ میں جینا سیپی لووا کیخلاف گیند ریٹرن کررہی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

امریکی ٹینس اسٹار وینس ولیمز نے سنسناٹی ماسٹرز ٹینس کا پہلا مرحلہ عبور کرلیا، ٹورنٹو میں پہلے راؤنڈ میں ناکامی کا ازالہ کرتے ہوئے انھوں نے سلواکین کوالیفائر جینا سیپی لووا کو6-4، 6-1 سے ہرا دیا۔

9 سیڈ جرمنی کی اینجلیک کیربر نے اطالوی حریف کیرن کینپ کو 6-7 (6/8)، 6-0،6-1 سے مات دے کر فاتحانہ آغاز کیا،11 سیڈ آسٹریلوی پلیئر سمانتھا اسٹوسرنے روسی حریف سویٹلانا کزنٹسووا کو 6-1، 7-5 سے شکست دی، روس کی16سیڈ ماریا کریلنکو نے اینا تاتیشویلی کو4-6، 7-6 (7/4) اور 7-6(7/4) سے زیرکرلیا۔ دوسری جانب مینز سنگلز میں جرمن پلیئر فلپ کوہل شریبر نے سابق فائنلسٹ مارڈی فش کی پہلے راؤنڈ میں چھٹی کردی، ان کی جیت کا اسکور 7-5، 6-2 رہا، اب وہ 5 مرتبہ کے چیمپئن راجرفیڈرر کا سامنا کریں گے، ٹاپ سیڈڈ پلیئرز کو اپنے سفر کی شروعات سیکنڈ راؤنڈ سے کرنی ہے، سوئس ماسٹر رواں برس مارچ کے بعد پہلی مرتبہ ہارڈ کورٹ ایونٹ میں شریک ہورہے ہیں، گذشتہ ماہ کلے کورٹ ایونٹس میں کمر کی انجری نے انھیں پریشان کیے رکھا تاہم اب وہ مزید ایک سنسناٹی ٹائٹل جیتنے کیلیے تیاردکھائی دیتے ہیں، کوہل شریبر کیخلاف باہمی مقابلوں میں 7-0 کا ریکارڈ فیڈرر کیلیے خاصا حوصلہ افزا ہے۔




اسپین کے13 سیڈ نکولس الماگرو مسلسل دوسرے ایونٹ میں پہلے راؤنڈ کے مہمان بن گئے، انھیں بلغارین کھلاڑی گریگور دیمتروف نے 7-6 (7/3) اور 6-4 سے ٹھکانے لگایا، دیمتروف نے 19 ایسز لگائیں، جمہوریہ چیک کے راڈک اسٹیپنک نے14 سیڈ اطالوی حریف فابیو فوگنینی کو6-2، 6-4 سے زیر کرلیا، سربیئن پلیئر جانکو تیپسرووچ نے امریکی حریف سام کیورے کا بوریا بستر گول کردیا، ان کی فتح کا اسکور6-7 (5/7)، 6-3 اور 6-4 رہا، گھٹنے کی انجری کے سبب آسٹریلین اوپن میں دوران میچ ریٹائر ہونے والے امریکی پلیئر برائن بیکر نے ازبک حریف ڈینس استومن کو 7-5، 6-3 سے پچھاڑا، ارجنٹائن کے جوآن مناکو نے آسٹرین حریف جرگن میلزر کو 6-3، 6-2 سے ہرا دیا، اسپین کے مارسیل گرینولرز نے جمہوریہ چیک کے لوکاس روسول پر5-7، 6-4، 6-0 سے غلبہ پالیا،آل فرنچ جنگ میں جیریمی شارڈے نے ایڈرین میناریو کو 6-4، 6-3 سے ہرا دیا۔
Load Next Story