ورلڈ ایتھلیٹکس الینا لیشمونووا نے روس کو گولڈ میڈل دلا دیا

برطانوی اسٹار مو فاراہ نے 5 ہزار میٹر ریس کے فائنلز کے لیے کوالیفائی کرلیا


AFP August 14, 2013
ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ: 20 کلو میٹر واک ریس کے فائنل میں روس کی الینا شریک۔ فوٹو: رائٹرز

ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں الینا لیشمونووا نے روس کو واکنگ ریس میں دوسرا گولڈ میڈل دلا دیا۔

برطانوی اسٹار مو فاراہ نے 5 ہزار میٹر ریس کے فائنلز کیلیے کوالیفائی کرلیا، میڈل ریس جمعے کو منعقد ہوگی، ہیپاتھیلون ایونٹ میں دفاعی چیمپئن یوکرین کی گینا میلن چینکو کو برتری حاصل ہے۔ تفصیلات کے مطابق الینا لیشمونووا نے ویمنز20 کلومیٹر واکنگ ریس مقابلے میں فاصلہ ایک گھنٹے 27 منٹ 8 سیکنڈز میں طے کرکے سب کو پیچھے چھوڑدیا، ہموطن انیسیا کردیپ کینا نے 1:27.11 سیکنڈز کے ساتھ دوسری پوزیشن پائی، چینی ایتھلیٹ لیوہونگ کو1:28.10 سیکنڈز کی پرفارمنس پر برانز میڈل ملا۔

تیسری روسی ایتھلیٹ ویرا سوکولووا کو ڈرامائی طور پر ججز نے ریڈ کارڈ دکھاکر مقابلے سے باہر کردیا، الینا سے قبل روس کے الیکسینڈر ایوانوف نے مینز 20 کلومیٹر واکنگ ریس میں طلائی تمغہ جیتا تھا، الینا نے ویمنز 20 کلومیٹر میں یہ کارنامہ انجام دیا، الینا نے کامیابی کے بعد جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے ہوم گرائونڈ اور ملک میں گولڈ میڈل جیتنے پر بہت خوش ہوں، ویرا کے اسٹیڈیم کے قریب پہنچ کر ڈس کوالیفائی ہونے سے ہمیں بہت مایوسی ہوئی،ورنہ تینوں ابتدائی پوزیشنز ہمارے ملک کے نام ہوجاتیں، انھوں نے مزید کہا کہ ورلڈ چیمپئن شپ میں ملنے والی کامیابی ہمارے لیے کسی طور اولمپک میڈلز سے کم نہیں ہے۔



برطانوی اسٹار اولمپک مو فاراہ 10 ہزار میٹر ریس کے بعد 5 ہزار میٹر کے مقابلے میں بھی فائنل تک پہنچ گئے، انھوں نے منگل کو ریس میں پانچویں پوزیشن کے ساتھ اختتام کیا،یوںٕبراہ راست جمعے کو ہونے والے فائنل میں جگہ مل گئی، ٹریننگ پارٹنر البرٹو سیلازر اور گیلن روپ نے فائنل کیلیے کوالیفائی کرلیا، برطانیہ کے ڈبل اولمپک چیمپئن فاراہ کے روایتی حریف ایتھویپا کے موختا ادریس، ہوگاس گیبری ویٹ اور یانیم عالمیرو اور کینیا کے ایڈون سوئی نے بھی فائنلز میں جگہ بنالی ہے، ہیپاتھیلون ایونٹ میں دفاعی چیمپئن یوکرین کی گینا میلن چینکو برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔

برطانیہ کی جیسکا اینس ہال اور ورلڈ چیمپئن روس کی تاتینیا شیرنووا حصہ نہیں لے رہیں، اس لیے بظاہر مقابلے کو ابھی تک اوپن خیال کیا جارہا ہے، وکٹری اسٹینڈ پر رسائی کیلیے تمام کھلاڑیوں کے درمیان کانٹے دار مقابلے ہورہے ہیں، میلن چینکو نے اب تک مجموعی طور پر 3912 پوائنٹس حاصل کرلیے ہیں، انھوں نے اوپننگ 100 میٹر ہرڈلز کا فاصلہ 13.29 سیکنڈز میں طے کیا، پیر کو ہائی جمپ میں 1.86 میٹر کارکردگی بھی ان کے نام جڑی، اسی طرح شاٹ پٹ میں انھوں نے گولے کو 13.85 میٹر کی دوری تک پہنچایا اور پھر 200 میٹر ریس کا فاصلہ 23.87 سیکنڈز میں طے کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں