ملک بھر بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی بچوں سمیت 19 افراد جاں بحق

آدھا راولپنڈی شہر پانی میں ڈوب گیا، نالوں میں طغیانی پر خطرے کے سائرن بج اٹھے، راول ڈیم کے اسپل ویز کھول دیے گئے،


فوٹو : فائل

ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید بارشوں نے ایک مرتبہ پھر تباہی مچا دی جبکہ دریائوں اور ندی نالوں میں طغیانی سے مزید سیکڑوں دیہات زیرآب آگئے ہیں۔

اس دوران چھتیں ودیواریں گرنے،سیلابی ریلوں میں بہنے سے بچوں سمیت19افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ ادھر راولپنڈی کے نالہ لئی میں طغیانی سے پانی خطرناک حد تک پہنچ گیا جس پر خطرے کے سائرن بجائے گئے جبکہ فوج کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔منگل کو جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہونیوالی طوفانی بارش نے تباہی مچا دی، نالہ لئی بپھر گیا، تمام چھوٹے بڑے نالوں میں پانی خطرے کا نشان عبور کر گیا، نصف شہر سیلاب میں ڈوب گیا ۔ راولپنڈی 200، اسلام آباد میں 190ملی میٹر بارش ریکارڈکی گئی، راولپنڈی میں 3افراد ڈوب گئے جن میں ایک کو بچا لیا گیا، مری برساتی نالہ میں نوجوان، اسلام آباد میں لڑکی ڈوب کر جاں بحق ہو گئی۔



بارشوں سے پروازوں اور ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔ بی بی سی کے مطابق راول ڈیم سے اضافی پانی کے اخراج کیلیے اسپل ویز کھول دیے گئے ہیں۔ مظفرآباد میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث وادی نیلم کا زمینی راستہ منقطع ہو گیا۔ سرگودھا، میانوالی، چکوال، منڈی بہائوالدین، نارووال میں تیز بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ ضلع غذر میں مٹی کا تودہ گرنے سے گلگت غذر روڈ ٹریفک کیلیے بند ہو گئی۔لاہور میں سارا دن بادل چھائے رہے اور رات گئے ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ گوجرانوالہ ساروکی میں دیوار گرنے سے خاتون جاں بحق ہو گئی۔ حافظ آباد کے گائوں چک گجراں میں چھت گرنے سے ساجدہ بی بی اور اسکا بیٹا فیضان جاں بحق جبکہ 3افراد زخمی ہو گئے۔ سلکھنہ آباد میں چھت گرنے کے باعث ڈیڑھ سالہ بچی عافیہ قمر چل بسی۔

فیصل آباد کے علاقہ گجر سنگھ میں چھت گرنے سے8 ماہ کی صدف جاں بحق اور اسکی والدہ سمیت3 خواتین زخمی ہو گئیں۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں مسافر ویگن سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے 3افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ5افراد کو بچا لیا گیا، علی آباد میں2بچے سیلابی ریلے میں بہہ گئے جبکہ فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ دریں اثناء پشاور، مردان، ڈیرہ اسماعیل خان، ملاکنڈ سمیت خیبرپختونخوا میں بارشوں نے تباہی مچا دی، کئی علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، ندی نالوں میں طغیانی سے نشیبی علاقے زیرآب، صوابی،لاچی اور بٹ خیلہ میں دو بچوں سمیت تین افراد پانی میں ڈوب گئے، محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، بالائی اور جنوبی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، جنوب مشرقی سندھ، کشمیر، خیبرپختونخوا کے اکثر مقامات پر مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔