سپریم کورٹ شہری کے اغوا میں ملوث میجر کیخلاف کارروائی کا حکم

ایم آئی ڈائریکٹوریٹ کی رپورٹ مسترد، سیکریٹری دفاع کارروائی کیلیے میجرحیدرکا پتہ 10 دن میں مہیاکریں۔۔۔


Numainda Express August 14, 2013
لاپتہ وکیل ظہیرگوندل کی بازیابی کیلیے سیکریٹری داخلہ کو تمام خفیہ ایجنسیوں سے معلومات حاصل کرکے رپورٹ دینے کاحکم، مزید سماعت 30 اگست تک ملتوی۔ فوٹو: فائل

عدالت عظمیٰ نے لاپتہ تاسیف علی کے اغوا میں نامزد ملٹری انٹیلی جنس کے میجر حیدر کیخلاف کارروائی کرنیکا حکم دیدیا ہے۔

جسٹس اعجازاحمد چوہدری اورجسٹس گلزار احمد پر مشتمل بینچ نے سیکریٹری دفاع کو ہدایت کی ہے کہ 10 دن کے اندر نامزدملزم کا ایڈریس پولیس کو فراہم کریں جبکہ پولیس کو پتہ ملنے کے بعد قانون کے مطابق کارروائی کرنیکا حکم دیا ہے۔ عدالت نے مزید سماعت 3ہفتے کیلیے ملتوی کردی،ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھرنے بتایا کہ میجر حیدرکے بارے میں ایم آئی ڈائریکٹوریٹ کا بیان رپورٹ کے ساتھ منسلک کردیاگیاہے۔ عدالت نے رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہارکیا اور پولیس کوکارروائی کرنیکا حکم دیا۔



واضح رہے کہ تاسیف علی گزشتہ 3 سال سے راولپنڈی سے لاپتہ ہیں اور انکی اہلیہ عابدہ پروین نے الزام عائدکیا ہے کہ میجر حیدر انھیں اٹھا کرلے گیاہے۔ فاضل بنچ نے راولپنڈی سے لاپتہ وکیل ظہیراحمدگوندل کی بازیابی کیلیے پولیس کی رپورٹ مستردکر دی اور سیکریٹری داخلہ کوخودکیس کی نگرانی کرنیکاحکم دیا ہے۔ عدالت نے وفاقی سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ 10 دن کے اندرتمام خفیہ ایجنسیوںکی میٹنگ طلب کرکے لاپتہ وکیل کے بارے میں معلومات حاصل کریںاور تفصیلی رپورٹ دیں۔عدالت نے مزید سماعت 30 اگست تک ملتوی کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔