پاک بھارت جامع مذاکرات جاری رکھے جائیں سیفما

خون بہانا بند ہونا چاہیے،منوہر سنگھ، جسدیپ، دونوں ملک امن کیلیے کام کریں،آئی اے رحمن و دیگر

جشن آزادی کی تقریبات میں شرکت کیلیے12رکنی بھارتی وفد لاہور پہنچ گیا، واہگہ بارڈر پر استقبال. فوٹو: فائل

سائوتھ ایشیا فری میڈیا ایسوسی ایشن (سیفما) کے زیراہتمام جشن آزادی تقریبات کے سلسلے میں''ماڈرن پاکستان، ہمسائیوں کیساتھ امن '' کے موضوع پر سیمینار مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وفد کے سربراہ چن چن منوہر سنگھ نے کہا کہ ہم سب کو لڑائی کے راستے سے بچتے ہوئے امن اور شانتی کا راستہ اپنانا چاہیے۔خون بہانا بند ہونا چاہیے۔ سفارتکار خالد محمود نے کہاکہ قائداعظم امن وامان، انصاف اور کسی بھی ذات پات سے پاک پاکستان بنانا چاہتے تھے۔ کشمیر میں دونوں اطراف سیلف گورننس ہونی چاہیے۔ بھارتی صحافی جسدیپ سنگھ نے کہا کہ سیفما بھی اپنے یونٹ پورے ہندوستان میں بنائے۔ عوام عوام سے رابطہ رکھنا چاہتے ہیں اور ہندوستان پاکستان کی طاقتوں نے اپنا کام کرتے رہنا ہے۔ ہمارا کام امن کا ہے، ہم احتجاج نہیں امن کی بات ہی کریں گے۔ بعض دفعہ حکومتوں کے ہاتھ میں سب کچھ نہیں ہوتا۔




آئی اے رحمٰن نے کہا کہ پوری دنیا کوشش کرتی ہے کہ بھارت اور پاکستان اکٹھے ہوکر نہ چلیں۔ ہمیں معلوم ہے دونوں ممالک کے دشمن کون ہیں لیکن ہم آنکھیں اور زبان بند کیے بیٹھے ہیں۔ سیمینار سے ڈاکٹر اکمل حسین، ڈاکٹر وسیم، سیفما کے سیکرٹری جنرل امتیاز عالم، سیفما پاکستان چیپٹر کے صدر نصرت جاوید نے بھی خطاب کیا جبکہ امتیاز عالم نے قرارداد پیش کی کہ یہ اجلاس دونوں ممالک کی حکومتوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ لائن آف کنٹرول کو پرامن رکھا جائے اور مداخلت روکی جائے ، جامع مذاکرات جاری رکھے جائیں ، میڈیا بھی احتیاط سے رپورٹنگ کرے۔قبل ازیں بھارتی صحافیوں اور وکلاء پر مشتمل سیفما کا بارہ رکنی وفد آزادی کی تقریبات میں شرکت کیلئے چن چن منوہر سنگھ کی قیادت میں لاہور پہنچ گیا۔ سیفما کے عہدیداروں انجم رشید، علامہ صدیق اظہر، مہمل سرفراز اور دیگر نے واہگہ بارڈر پر وفد کا استقبال کیا۔
Load Next Story