اسپرٹ کی تیاری خرید و فروخت ریگولیٹ و مانیٹر کرنے کا نظام بنانے کا فیصلہ

اسمارٹ مانیٹرنگ اینڈ ریگولیشن آف ڈسٹلریز اینڈ بیوریزمنصوبہ کے تحت مال کی تیاری سے فروخت تک ریکارڈ کمپیوٹرائزہوگا.


رضوان آصف April 03, 2019
ٹیکس چوری ممکن نہیں رہے گی، یقینی بنایا جائیگا کہ پرمٹ ہولڈر کے سوا کسی کو الکوحل فروخت نہ ہو سکے، ایڈیشنل ڈی جی ایکسائز. فوٹو : سوشل میڈیا

ISLAMABAD: محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے صوبے میں اسپرٹ کی تیاری اور خریدوفروخت کو ریگولیٹ اور ہمہ وقت مانیٹر کرنے کیلیے منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیاہے۔

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے صوبے میں صنعتی وطبی مقاصد کیلیے اسپرٹ کی تیاری اور خریدوفروخت کو ریگولیٹ اور ہمہ وقت مانیٹر کرنے، اربوں روپے ٹیکس کی چوری کی روک تھام اور بار رومز پر الکوحل کی فروخت میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کو روکنے کیلیے "اسمارٹ مانیٹرنگ اینڈ ریگولیشن آف ڈسٹلریز اینڈ بیوریز" منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیاہے۔

اس منصوبے کے تحت پنجاب میں فعال 12 ڈسٹلریز،ایک بیوری فیکٹری اور 10 ونڈ شاپس(بار روم)میں جدید آلات اور کیمروں کی تنصیب کی جائے گی اور خام مال کی آمد سے لیکر صارف کو فروخت تک ہر مرحلے کی کمپیوٹرائزڈ مانیٹرنگ اور ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔علاوہ ازیں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے 36 اضلاع میں محکمہ کی ہیومن ریسورس مینجمنٹ سمیت پروفیشنل ٹیکس اور کاٹن فیس کی وصولی کا نظام کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس منصوبے پر جولائی 2019 ء سے کام شروع کیا جائے گا۔ پاکستان میں سب سے زیادہ سپرٹ کی تیاری ،خریدو فروخت اور استعمال پنجاب میں ہوتا ہے جہاں 13 ڈسٹلریز میں سپرٹ کی تیاری ہوتی ہے جبکہ پنجاب میں مری میں قائم ایک بیوری میں الکوحل تیار کی جاتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں