ملک بھر میں 67 واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا

یوم آزادی کے موقع پر سرکاری سطح پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔

یوم آزادی پر کراچی میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح اور لاہور میں مفکر پاکستان علامہ اقبال کے مزاروں پر بھی اہم شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے حاضری دی۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

وطن عزیز کا 67 واں یوم آزادی ملک بھر میں قومی وملی جوش وجذبے سے منایا گیا۔

یوم آزادی کا آغاز نماز فجر میں ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعاؤں سے ہوا اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ ملک بھر میں یوم آزادی پر عمارتوں، چوراہوں، سڑکوں اور گلیوں کو قومی پرچموں، جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا۔


یوم آزادی کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل تھی اور سرکاری اور نجی سطح پر ہر چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں تقریبات منعقد کی گئیں۔ سرکاری سطح پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی، تقریب میں وزیر اعظم نواز شریف نے حاضرین کے ساتھ مل کر قومی ترانہ پڑھا اور خطاب کیا۔

یوم آزادی پر کراچی میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح اور لاہور میں مفکر پاکستان علامہ اقبال کے مزاروں پر بھی اہم شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے حاضری دی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا، اس موقع پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔ ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں بھی نکالی گئیں اور ریڈیو اور ٹی وی پر خصوصی پروگرامز بھی نشر کئے گئے جن میں فنکاروں نے ملی نغمے پیش کئے۔
Load Next Story