بھارتی آبدوز میں دھماکے اور آتشزدگی سے 3 اعلیٰ افسران سمیت 18 اہلکار ہلاک

بیٹریوں کی چارجنگ کے دوران ہونے والے شارٹ سرکٹ سے دھماکا ہوا جسکے بعد جنریٹر اورایندھن نے آگ پکڑلی،سربراہ بھارتی بحریہ


ویب ڈیسک August 14, 2013
آبداز میں پہلے آگ لگی اور بھر 2 دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں آبدوز غرق بھی ہوگئی۔ فوٹو: رائٹرز

بھارتی بحریہ کی ایک آبدوز میں دھماکوں اور آتشزدگی کے باعث 3 اعلیٰ افسران سمیت 18 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

بھارتی شہر ممبئی میں بحری بندرگاہ پر کھڑی آبدوز ''آئی این ایس سندھو رکھشک'' میں گزشتہ رات اچانک 2 دھماکے ہوئے جس کے بعد آبدوز میں آگ لگ گئی، آگ کے شعلے اس قدر اونچے تھے کہ انہیں کئی کلو میٹر دور سے بھی دیکھا جاسکتا تھا، آتشزدگی کے ساتھ ہی آبدوز پر موجود کئی اہلکاروں نے پانی میں کود کر اپنی جانیں بچائیں تاہم 3 اعلیٰ افسران سمیت 18 اہلکار آبدوز میں ہی پھنس گئے جن کی ہلاکت کی تصدیق بھارتی وزیر دفاع نے کردی پے۔

بھارتی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل جوشی کا کہنا ہے کہ 2 ہزار 30 ٹن وزنی اس آبدوز میں بجلی کی فراہمی ڈیزل جنریٹرز اور چارجنگ بیٹریوں کے ذریعے ہوتی تھی، ابتدائی تحقیقات کے مطابق بیٹریوں کی چارجنگ کے دوران ہونے والے شارٹ سرکٹ سے دھماکا ہوا جس کے بعد وہاں رکھے جنریٹر اور ایندھن نے آگ پکڑ لی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے آبدوز کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تاہم واقعے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو جلد ہی اپنی رپورٹ پیش کرے گی جس کی روشنی میں ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 2010 میں بھی اس آبدوز میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے بعد اسے مرمت کے لئے روس بھیج دیا گیا اور آبدوز 3 ماہ قبل ہی مرمت کے بعد بھارت واپس آئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔