لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر تشویش ہے وزیراعظم نواز شریف

ہم مذاکرات کے ذریعے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کا حل چاہتے ہیں، نواز شریف


ویب ڈیسک August 14, 2013
پاکستان عالمی امن فورسز میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور ہم پاکستان میں جمہوریت کو مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ بان کی مون فوٹو: اے ایف پی

وزیر اعظم نواز شریف نے لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مسئلہ کشمیر کا حل مذاکرات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ بان کی مون پاکستان کے دوست ہیں، ان سے مسئلہ کشمیر سمیت دیگر اہم معاملات پر بات ہوئی ہے اور پاکستان نے ہمیشہ ان کی اور اقوام متحدہ کی امن کوششوں کو سراہا ہے۔ انہوں نے لائن آف کنٹرول پر کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم مذاکرات کے ذریعے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کا حل چاہتے ہیں اور توقع ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں اقوام متحدہ کردار ادا کرے گی۔

وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ کشیدگی ختم کرنا چاہتا ہے، ہمارا مقصد امن ہے اور ہم افغانستان سمیت پورے خطے میں امن اور استحکام چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن کے لئے پاکستان نے ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔

پریس کانفرنس کے دوران بان کی مون نے کہا کہ پاکستان عالمی امن فورسز میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور ہم پاکستان میں جمہوریت کو مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے یوم آزادی اور پرامن انتخابات کے انعقاد پر پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پرامن انتخابات ہوئے جس کے لئے پاکستانی قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |