کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کئی علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی

بارش کے باعث سعدی ٹاؤن، ملیر، شاہ فیصل کالونی، گلشن معمار، نارتھ کراچی اور کورنگی میں سیلابی صورتت حال کا خدشہ ہے۔


ویب ڈیسک August 14, 2013
گزشتہ ہفتے کراچی میں ہونے والی موسلادھار بارشوں کی وجہ سے 30 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ کئی علاقے سیلابی ریلے میں ڈوب گئے تھے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

شہر میں ہونے والی موسلا دھار بارش نے جہاں جشن آزادی کا مزہ دوبالا کردیا ہے وہیں کئی علاقوں کے مکین سیلابی ریلوں کے خدشے کے پیش نظر ایک بار پھر اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

گزشتہ دو روز سے شہر میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری تھا تاہم آج درپہر سے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش شروع ہوگئی جو کہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جشن آزادی کی مناسبت سے عام تعطیل کے باعث بارش سے لطف اندوز ہونے کے لئے عوام کی بڑی تعداد نے ساحل سمندر اور دیگر تفریحی مقامات کا رخ کرلیا ہے جہاں وہ خوشگوار موسم کے مزے اٹھا رہے ہیں۔

بارش نے جہاں حبس کی گھٹن ختم کردی ہے وہیں کئی علاقوں میں یہ رحمت زحمت بھی بن گئی ہے، وزیر بلدیات اویس مظفر کی جانب سے رین ایمرجنسی کے اعلان کے باوجود شہر میں کہیں بھی بلدیاتی اداروں کے اہلکار نظر نہیں آرہے۔ کئی اہم سڑکوں اور علاقوں میں برساتی نالے اور سیوریج لائن ابل رہے ہیں، جس کی وجہ سے بارش اور گندہ پانی جمع ہوگیا ہے ،اس کے علاوہ درجنوں فیڈر بھی ٹرپ کرگئے ہیں جس سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ سعدی ٹاؤن، ملیر، شاہ فیصل کالونی، گلشن معمار، نارتھ کراچی اور کورنگی کے مختلف علاقوں کے مکین گزشتہ بارش کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک بار پھر نقل مکانی کی تیاری کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی میں ہونے والی موسلدھا بارشوں کی وجہ سے 30 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ کئی علاقے سیلابی ریلے میں ڈوب گئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں