اصلاح نہ کی تو خونی انقلاب ہمارے دروازوں پر دستک دے رہا ہے شہبازشریف

پاکستان اقوام عالم کے نقشے پر ایٹمی قوت بن کر ابھرا لیکن آج وطن عزیز کی حالت بھی سب کے سامنے ہے، شہباز شریف


ویب ڈیسک August 14, 2013
معاشی آزادی کے بغیر حقیقی آزادی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔ ،وزیراعلیٰ پنجاب فوٹو: فائل

وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا میں باوقار مقام حاصل کرنے کے لئے ہمیں کشکول توڑنا اور قول و فعل میں تضاد کو ختم کرنا ہوگا اوراگرہم نےاصلاح نہ کی تو خونی انقلاب ہمارے دروازوں پر دستک دے رہا ہے پم صفحہ ہستی سے مٹ جائیں گے۔

ایوان اقبال میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ 66 برسوں میں پاکستان نے کئی ایک میدانوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ پاکستانی سائنسدانوں ، دانشوروں ، ڈاکٹروں، کھلاڑیوں اور انجینئروں نے بین الاقوامی سطح پر اپنی قابلیت کا لوہا منوایا اور عالمی اعزازات حاصل کئے۔ اقوام عالم کے نقشے پر ایٹمی قوت بن کر ابھرا لیکن آج وطن عزیز کی حالت بھی سب کے سامنے ہے۔پاكستان آج ايٹمی طاقت ہے اور دشمن اس کی جانب ميلی آنکھ سے بھی نہيں دیکھ سكتا۔

وزر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہمارے بعد آزادی حاصل کرنے والے ممالک آج اقوام عالم میں راج کررہے ہیں۔ 66 برسوں کے دوران عدل وانصاف کی بجائے معاشرے میں کرپشن نے پنجے گاڑے، قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیا ۔ آج غریب کا پاکستان اور امیر کے پاکستان الگ الگ ہیں۔ کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود ہم تعلیم اور صحت کے بنیادی مسائل سے جان نہیں چھڑا سکے۔ اشرافیہ کی چوکھٹ پر تمام نعمتیں سلام کرتی ہیں۔ اگر ہم نے اصلاح نہ کی تو خونی انقلاب ہمارے دروازوں پر دستک دے رہا ہے پم صفحہ ہستی سے مٹ جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اگر ہم نے اقوام عالم میں باوقار قوم کا مقام حاصل کرنا ہے تو ہمیں کشکول توڑنا ہوگا۔ معاشی آزادی کے بغیر حقیقی آزادی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔ ہمیں آگے بڑھنے کے لئے اپنے قول و فعل میں تضاد کو ختم کرنا ہوگا اور باتوں کی بجائے عملی اقدامات سے میدان عمل میں نکلنا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں