ایشیا کپ پاکستان ہاکی ٹیم کا آج اعلان

محمد عمران کی قیادت برقرار رکھے جانے کا امکان ،ٹیم مینجمنٹ کا 2گول کیپرز کو ساتھ لے جانے پر اتفاق

ایونٹ میں شرکت کیلیے قومی ٹیم 19 اگست کو لاہور سے براستہ بنکاک ملائیشیا کے لیے روانہ ہوگی، چیف کوچ ٹیم کی کامیابی کے لیے پر اعتماد۔ فوٹو: فائل

رواں ماہ ملائیشیا میں شیڈول ایشیا کپ کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کا اعلان جمعرات کو ہوگا۔

محمد عمران کو کپتان برقرار رکھے جانے کا امکان ہے جبکہ 2 گول کیپرز کوبھی ساتھ لے جانے پر اتفاق ہوا ہے، ذرائع کے مطابق تجربہ کار گول کیپر سلمان اکبر کی ٹیم میں واپسی دوبارہ ہوگی جبکہ دوسرے گول کیپر کا انتخاب عمران بٹ اور عمران شاہ میں سے کیا جائے گا، تجربہ کار کھلاڑی وسیم احمد کی بھی ٹیم میں واپسی پر ٹیم منیجمنٹ متفق ہے۔ یاد رہے کہ وسیم احمد کندھے میں انجری کی وجہ سے ملائیشیا میں ہونے والی ورلڈ ہاکی سیریز میں قومی ٹیم کی نمائندگی نہ کر سکے تھے، تجربہ کار کھلاڑی شکیل عباسی بھی حتمی اسکواڈ کا حصہ بننے کے لیے فیورٹ ہیں جبکہ سابق کوچ و اولمپئن حنیف خان کے بھتیجے عبدالحسیم خان بدستور ٹیم کا حصہ رہیں گے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ پی ایچ ایف نے سلیکشن کمیٹی کے اختیارات بھی ٹیم مینجمنٹ کو سونپ دیے ہیں، چیف کوچ اختر رسول اور کوچ طاہر زمان ٹرینر رانا غضنفر، ڈاکٹر اسد عباس کی رپورٹس کا جائزہ لینے اور کھلاڑیوں کی کیمپ میں کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد کھلاڑیوں کے انتخاب کو کافی حد تک فائنل کر چکے ہیں تاہم حتمی اسکواڈ کا اعلان جمعرات کو شام 4 بجے ہوگا۔ ٹیم کا انتخاب کیمپ میں موجود کھلاڑیوں عمران بٹ، عمران شاہ، مظہر عباس، محمد عمران، محمد عرفان، محمد عتیق، کاشف علی، خالد بھٹی، رضوان جونیئر، محمد توثیق، راشد محمود، فرید احمد، عامر شہزاد، وقاص شریف، شفقت رسول، زوہیب اشرف، عبدالحسیم خان، رضوان سینئر ، شکیل عباسی، علی شان، محمد عمر بھٹہ، محمد دلبر، محمد زبیر ، محمد سلمان حسین اور وسیم احمد میں سے کیا جائے گا۔واضح رہے کہ ایشیا کپ 24 اگست سے یکم ستمبر تک ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں ہوگا۔




ایونٹ میں شریک ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پول اے میں پاکستان، ملائیشیا، جاپان اور چائینز تائپے جبکہ پول بی کوریا، بھارت ، اومان اور بنگلہ دیش سے مکمل کیا گیا ہے، قومی ٹیم نے آخری بار 1989 میں ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، 2009 میں ملائیشیا میں ہونے والے آخری ایڈیشن میں کوریا نے پاکستان کوسنسنی خیز مقابلے میں 1-0 سے ہرا کر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے کے لیے پاکستانی ٹیم کا اس ایونٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا ضروری ہے۔ ایشیا کپ کی تیاریوں کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں جاری ہے۔ پہلے مرحلے کا اختتام 7 اگست کو ہوا، عیدالفطر کی تعطیلات کے بعد کھلاڑیوں نے 11 اگست کو دوبارہ کیمپ میں رپورٹ کی اور اگلے روز باقاعدہ کیمپ کا آغاز ہوچکا ہے، ایشیا کپ میں شرکت کے لیے پاکستانی ٹیم 19 اگست کی رات کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے براستہ بنکاک ملائیشیا کے لیے روانہ ہوگی۔

دوسری جانب چیف کوچ اختر رسول ایشیا کپ جیت کر قوم کو خوشخبری سنانے کے لیے پراعتماد ہیں، ''ایکسپریس'' سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ تمام کھلاڑی ایشیا کپ کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہیں اور ایونٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے پر امید ہیں۔ چیف کوچ نے کہا کہ کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس کوغیر معمولی بنانے کے ساتھ ورلڈ ہاکی سیریز میں نظر آنے والی خامیوں پرقابوپانے کی کوشش کی گئی ہے۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ کیمپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی اورفٹنس کا بغور جائزہ لیا ہے، ایشیا کپ کے لیے متوازن ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا۔
Load Next Story