سنسناٹی ٹینس سلونی نے ماریا شراپووا کو ٹھکانے لگادیا

مینز سنگلز میں سوئس ماسٹر راجرفیڈرر، اینڈری مرے ،ڈیوڈ فیرر، دیمیتروف اور بینیٹو نے پری کوارٹر فائنلز میں جگہ بنالی


Sports Desk August 15, 2013
سنسناٹی اوپن ٹینس: روسی ساحرہ شراپووا امریکی حریف سلونی اسٹیفنز کیخلاف دوسرے راؤنڈ میں گیند ریٹرن کررہی ہیں، انجری مسائل سے چھٹکارہ پاکر کھیل میں واپس آنے والی ماریا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ فوٹو: گیٹی امیجز/اے ایف پی

سنسنانی ماسٹرز میں روسی ساحرہ ماریا شراپووا کو امریکا کی سلونی اسٹینفز نے پہلی ہی آزمائش میں ٹھکانے لگادیا۔

یہ موجودہ سیزن میں کسی بھی ٹاپ پلیئرز کیخلاف سلونی کی دوسری بڑی فتح ہے، وہ اس سے قبل آسٹریلین اوپن میں ہموطن سرینا ولیمز کو بھی زیرکرچکی ہے، روسی پلیئر سات ہفتوں بعد کھیل میں واپسی پر بھی فتح سے ہمکنار نہیں ہوسکیں، اگنسیکا ریڈوانسکا نے تیسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی، کیرولین ووزینسکی نے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی جبکہ اینا ایوانووک کو ابتدا ہی میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑگیا، راجرفیڈرر، ڈیوڈ فیرر، گریگور دیمیتروف، جولین بینیٹواوراینڈی مرے نے پری کوارٹر فائنلز میں جگہ بنالی۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ٹینس پلیئر سلونی اسٹیفنز نے سنسناٹی ماسٹرز کے دوسرے راؤنڈ میں سابق چیمپئن ماریا شراپووا کو 2-6، 7-6(7/5) اور 6-3 سے شکست دیکر سب کو حیران کردیا، انجری مسائل سے چھٹکارا پانے والی شراپووا کھیل کے میدانوں میں واپسی کو فتح سے یادگار بنانے میں ناکام رہیں۔

انھیں پہلے راؤنڈ میں بائی دی گئی تھی، سلونی کے مقابل وہ اپنے شایان شان کھیل پیش نہیں کرپائیں، سات ہفتوں بعد ٹینس کورٹس میں واپس آنے والی ماریا شراپووا فتح کی راہ پر آنے میں ناکام رہیں، اس سے قبل اپنے آخری میچ میں بھی انھیں ومبلڈن کے دوسرے راؤنڈ میں اپ سیٹ شکست کا سامنا رہا تھا،سیکنڈ سیڈ وکٹوریا آذرنیکا نے امریکی حریف وانیا کنگ کو 6-1، 7-6(8/6) سے پچھاڑ کر تیسرے راؤنڈ میں رسائی پالی، فرسٹ راؤنڈ کے دیگر میچز میں سابق عالمی نمبرون کیرولین ووزینسکی نے چین کی پینگ شوئی کو 6-1، 6-1 سے زیر کیا، جیلینا جینکووچ نے ومبلڈن فائنلسٹ سبائن لیسکی کیخلاف 7-6(7/5)،5-7 اور 6-2 سے کامیابی پائی، جرمن پلیئر مونا بارتھیل اور آندریا پیٹکووک نے اپنے میچز جیت لیے، بارتھیل نے لوسیا سفارووا کو 6-3 اور 6-4 سے ہرایا جبکہ ان کی ہموطن پیٹکووک نے ڈنیلا ہنچووا کا راستہ 2-6، 6-4 اور 6-1 سے روک دیا، واشنگٹن میں اعزاز کا کامیاب دفاع کرنے والی میگدیلینا ریبریکووا نے جولیا گوریجس کو 6-2، 4-6 اور 6-4 سے قابو کرلیا، ایکٹرینا ماکارووا نے اینیکا بیک کو 6-3، 6-2 سے مات دی۔



فرانس کی آلیز کورنیٹ نے سربیا کی 15 سیڈ اینا ایوانووک کو 2-6، 7-6(10/8) اور 6-4 سے ہرادیا، مونیکا نیکولیسکو نے یانیا وکمائر پر 6-1 اور6-2 سے غلبہ پالیا۔ دوسری جانب سوئس ماسٹر راجرفیڈرر نے کمر کی تکلیف سے نجات پانے کے بعد اپنے پہلے میچ میں فلپ کوہل شریبر کو 6-3، 7-6(9/7) سے مات دیکر تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی، سوئس اسٹار 13 ویں مرتبہ ایونٹ میں شریک ہوئے ہیں، تھرڈ سیڈ اسپین کے ڈیوڈ فیرر نے امریکی حریف ریان ہیریسن کو7-6(7/5)، 3-6 اور 6-4 سے قابو کرلیا، بیلاروس کے گریگور دیمیتروف نے امریکی حریف برائن بیکر کو 6-3 اور 6-2 سے زیر کیا جبکہ فرانس کے جولین بینیٹو نے جمہوریہ چیک کے راڈک اسٹیپنک کیخلاف 6-2، 5-7، 7-6(7/4) سے کامیابی کی بدولت پری کوارٹر فائنلز میں جگہ بنالی،برطانوی اسٹار اینڈی مرے نے روس کے میخائل یوزنی کو 6-2، 6-3 سے ہرادیا۔ ان کے علاوہ فرسٹ راؤنڈ کے میچز میں مونٹریال ماسٹرز کے فائنلسٹ میلوس راؤنک نے بمشکل تمام جانکو تیپسرووچ کو 3-6، 6-4 اور 6-3 سے مات دی۔

فلکیانو لوپز نے جاپانی پلیئرکائی نیشکوری کو 6-4، 7-6(7/4) سے ہرایا، جرمنی کے 11 سیڈ ٹامی ہاس نے جنوبی افریقی حریف کیون اینڈرسن کو 6-4، 6-4 سے پچھاڑ کر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔ نکولائی ڈیوڈنکو نے بینوئٹ پائر کیخلاف 7-6(10/8) اور 6-3 سے فتح پائی، اسپین کے ٹومی روبریڈو نے برازیلین پلیئر تھامس بیلوسی کو 6-7(6/8)، 7-6 (9/7) اور 6-2 سے زیر کیا، کینیڈا کے ویساک پوسپیسل نے جائلز سیمون کے ہپ انجری کے سبب ریٹائر ہونے پر دوسرے مرحلے میں رسائی پالی، مقابلے ختم کیے جانے پر اسکور 6-2 اور 1-1 رہا، جون اسپنر نے فلورین میئر کو 6-3، 6-4 سے مات دی، 9 سیڈ اسٹینسلس واورنیکا نے اطالوی حریف آندریس سیپی کو 6-3 اور 6-4 سے مات دے دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں