بھٹو زندہ ہوتے تو موجودہ پیپلزپارٹی کے خلاف مارچ کرتے فواد چوہدری

آپ لوگ ذوالفقار بھٹو سے رشتے داری اور بے نظیر بھٹو کا نام کب تک بیچ کر کھاتے رہیں گے؟ فواد چوہدری


ویب ڈیسک April 04, 2019
کرپشن کے نشے کے عادیوں کا علاج ہو تو وہ مزاحمت کرتے ہیں، فواد چوہدری. فوٹو: فائل

وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آج ذوالفقار علی بھٹو حیات ہوتے تو وہ بھی موجودہ پیپلز پارٹی کے خلاف کرپشن احتجاج مارچ کا اعلان کر دیتے۔

بانی پیپلزپارٹی کی برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں رہنماؤں کی تقاریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر بیرسٹر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کرپشن کے نشے کے عادیوں کا علاج ہو تو وہ مزاحمت کرتے ہیں، پیپلز پارٹی اگر عدالتوں کا احترام کرتی ہے تو پھر احتجاج کس کے خلاف اور کیوں کرنے کا اعلان کرتی ہے؟ ذوالفقار بھٹو نے تو آپ کو کرپشن کے لیے نہیں کہا تھا پھر ان کا نام استعمال کرکے کرپشن کا حساب دینے سے کیوں بھاگ رہے ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بہتر ہوگا کہ پیپلز پارٹی والے اپنی کرپشن کے خلاف خود احتجاج کریں، اگر ذوالفقار بھٹو زندہ ہوتے تو وہ بھی موجودہ پیپلزپارٹی کے خلاف کرپشن احتجاج مارچ کا اعلان کردیتے، محض ذوالفقار بھٹو سے رشتے داری اور بے نظیر بھٹو کا نام کب تک بیچ کر کھاتے رہیں گے؟ اس پیپلزپارٹی کا ذوالفقارعلی بھٹو سے اتنا ہی تعلق ہے جتنا نواز شریف کی مسلم لیگ کا قائد اعظم محمد علی جناح کی مسلم لیگ کے ساتھ ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تقاریر، چیخ وپکار اور دھمکیاں پیپلزپارٹی والوں کو احتساب سے نہیں بچا سکتیں، پہلے ہی ابو بچاؤ ٹرین مارچ ناکام ہوچکا ہے، عوام کی عدم دلچسپی کو دیکھتے ہوئے اسے کاروان بھٹو کا نام دینے کی کوشش کی گئی، آپ سڑکوں پر ضرور آئیں قوم آپ کا حساب خود لے گی، بھٹو کے نظریاتی اور سچے پیرو کار آج بھی کرپشن کے ساتھ چلنے کے لئے تیار نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں